تلنگانہ میں اپوزیشن کا صفایا کرنے کے سی آر کی سازش: چاڈا وینکٹ ریڈی

   

کانگریس اور تلگودیشم ارکان کو انحراف کے لیے دبائو، کمیونسٹ پارٹی ہمیشہ عوام کے درمیان
حیدرآباد۔11 جنوری (سیاست نیوز) سی بی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو تلنگانہ میں اپوزیشن کا صفایا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور تلگودیشم پارٹی کے کامیاب ارکان اسمبلی کے انحراف کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر دونوں پارٹیوں کے نو منتخب ارکان اسمبلی کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے کے لیے دبائو ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس میں موجود ارکان اسمبلی کو حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈس منظور نہیں کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش کن اسکیمات کے ذریعہ ٹی آر ایس نے دوبارہ کامیابی حاصل کی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ برسر اقتدار آتے ہی ایک ماہ کے اندر کسانوں کو قرض معاف کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ لیکن چیف منسٹر نے ابھی تک اپنے وعدے پر عمل نہیں کیا۔ کسان ایک لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کیے جانے کا انتظار کررہے ہیں۔ سی پی آئی سکریٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد از جلد وعدے پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ 11 ڈسمبر کو انتخابی نتائج کا اعلان کیا گیا لیکن ابھی تک وزراء اور ارکان اسمبلی نے حلف نہیں لیا ہے۔ ملک کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہے جب اس قدر طویل عرصہ تک ارکان اسمبلی نے حلف نہ لیا ہو۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ پنچایت انتخابات میں بہتر مظاہرے کی مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی کے لیے شکست اور کامیابی کوئی اہمیت نہیں رکھتی بلکہ وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہتی ہے۔ انتخابات میں دولت کا بے دریغ استعمال کیا گیا اور مستقبل میں عام آدمی کے لیے انتخابات میں حصہ لینے کے امکانات ختم ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی کے لیے طویل عرصہ سے درج فہرست طبقات مطالبہ کررہے ہیں لیکن اس طرح عمل آوری نہیں کی گئی۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ ایس سی زمرہ بندی کے سلسلہ میں فوری اقدامات کیے جائیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اعلی طبقات سے تعلق رکھنے والے غریب خاندانوں کو 10 فیصد تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ بی جے پی نے انتخابی فائدے کے لیے کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اعلی طبقات میں غریب خاندانوں کا خیال بی جے پی کے انتخابات سے عین قبل کیوں آیا۔