اتم کمار ریڈی کا الزام، وار روم پر دھاوے کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا
حیدرآباد ۔14 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس وار روم کے خلاف پولیس کارروائی پر انصاف کیلئے عدالت سے رجوع ہوں گے ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پولیس نے غیر قانونی طریقہ سے کانگریس کے حکمت عملی ساز کے سنیل کے دفتر پر دھاوا کیا اور کئی دستاویزات اور کمپیوٹرس کو ضبط کرلیا۔ کوئی وجہ بتائے بغیر وار روم میں کام کرنے والے تین کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارروائی کے خلاف کانگریس ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس ٹی آر ایس کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں بی آر ایس کے نئے دفتر کے گھیراؤ کے لئے احتجاجی لائحہ عمل طئے کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اپوزیشن کو کمزور کرنے کیلئے پولیس کا استعمال کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں دستور اور قانون کی حکمرانی ہے لیکن تلنگانہ پولیس کے رویہ سے نارتھ کوریا اور پاکستان کی صورتحال دکھائی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کسی شکایت کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ لکر اسکام میں کویتا کے ملوث ہونے سے متعلق پوسٹ پر یہ کارروائی کی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اس مسئلہ کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنایا جائے گا۔ر