منگل کی سہ پہر بارش سے عوام کو گرمی سے راحت
حیدرآباد۔ 15اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ میں آئندہ تین یوم کے دوران درجہ حرارت میں اضافہ اور موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآبا دکے کئی علاقوں میں آج دوپہر اچانک ہوئی موسلادھار بارش کے فوری بعد دھوپ نکل آئی اور درجہ حرارت میں اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ شہر کے نواحی علاقہ مادھا پور‘ گچی باؤلی ‘ مدینہ گوڑہ کے علاقوں میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ شہر کے مرکزی علاقوں میں اچانک مطلع ابرآلود ہونے کے بعد چند منٹوں کے لئے تیز بارش ریکارڈ کی گئی اور گرمی میں کچھ دیر کے لئے راحت حاصل ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور بعض اضلاع اور شہر کے بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ بارش کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع میں گذشتہ دو یوم سے وقفہ وقفہ سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے لیکن گرمی کی شدت میں بھی کوئی کمی نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ تین یوم کے دوران تلنگانہ کے اضلاع میں درجہ حرارت 41ڈگری سیلسیس سے 42.5 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے اور بعض اضلاع میں ہلکی اور تیز بارش کے امکانات بھی پائے جاتے ہیں۔ماہرین موسمیات نے بتایا کہ ریاست کے بعض اضلاع میں 40تا60 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے اور آئندہ تین یوم کے دوران درجہ حرارت میں ہونے والے اضافہ کے نتیجہ میں گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔3