تلنگانہ میں ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ کیلئے ایک ہی بورڈ ہوگا

   

Ferty9 Clinic

حکومت نے TGSEB قائم کرنے کی تجویز تیار ، تلنگانہ رائزنگ ویژن کے ڈاکومنٹ میں اعلان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ریاست تلنگانہ میں اسکولی تعلیم کے نظام میں بڑے پیمانے پر انقلابی اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہے ۔ جن کا مقصد تعلیمی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے ۔ حکومت نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کے تحت اعلان کیا ہے کہ ایس ایس سی اور انٹر میڈیٹ بورڈ کو ضم کرتے ہوئے ایک واحد بورڈ تلنگانہ اسکول ایجوکیشن بورڈ تشکیل دیا جائے گا ۔ مرکز نے ریاست میں دو علحدہ بورڈس پر سوال اٹھایا مرکزی تعلیم کے سکریٹری سنجے کمار کے مطابق ملک کی صرف 6 ریاستوں میں ہی الگ بورڈس ہیں ۔ اب ریاستی حکومت بھی ایک متحدہ بورڈ کی سمت پیشقدمی کررہی ہے ۔ تمام اسکولس کے تعلیمی معیار اور شناخت کے لیے تلنگانہ اسکول اسٹنڈرس اتھاریٹی قائم کیا جائے گا جب کہ امتحانی نظام اور طلبہ کے سیکھنے کی صلاحیتوں کے جائزے میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں ۔ اساتذہ کے تقررات نئے نظام کے تحت ضرورت اور ٹیچر ، اسٹوڈنٹ ایشیو کے مطابق کی جائے گی ۔ ٹیچرس کی جہاں ضرورت ہو وہاں استعمال کیا جائے گا ۔ ضلعی و منڈل سطح پر سالانہ بنیاد پر اضافی اور کمی کا جائزہ لیا جائے گا ۔ جس کے بعد تبادلے ٹکنالوجی کی بنیاد پر خود کار طریقوں سے ہوں گے ۔ اہم مضامین کے علاوہ آرٹ ، فزیکل ، ایجوکیشن ، کونسلنگ اور دیگر معاون شعبوں کے لیے بھی ٹیچرس کا تقرر کیا جائے گا ۔ پی جی یا پی ایچ ڈی کی اہلیت رکھنے والے اساتذہ کو ضرورت کے مطابق انٹر میڈیٹ یا ڈگری کالجس میں بھی خدمات کا موقع دیا جائے گا ۔ ریاست بھر میں ایسے مقامات جہاں ایک ہی احاطے میں متعدد اسکولس کام کررہے ہیں انہیں آپس میں ضم کرتے ہوئے ایک ہیڈ ماسٹر کی قیادت میں چلایا جائے گا ۔ پرائمری ، اپرپرائمری اور ہائی اسکول کو یکجا کر کے پری پرائمری سے دسویں جماعت تک ایک ہی ادارے میں تبدیل کیا جائے گا ۔ پیشہ وارانہ تعلیم کو اسکولی تعلیم سے جوڑنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ نصاب میں کوڈنگ ، کمپیوٹیشنل تھنکنگ اور عمر کے مطابق مصنوعی ذہانت کی بنیادی خواندگی شامل کی جائے گی ۔ گورنمنٹ ڈائیٹ کالجس کو تربیتی مراکز میں تبدیل کیا جائے گا ۔ اسکولس کو تمام بنیادی سہولیات کے ساتھ ایسی عوامی جگہوں میں تبدیل کیا جائے گا ۔ جن میں کمیونٹی کے استعمال کی گنجائش بھی ہو ۔ یہ تمام اقدامات تلنگانہ کے تعلیمی نظام کو ایک جدید ، متحد اور عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی سمت اہم سنگ میل ثابت ہوں گے ۔۔ 2