تلنگانہ میں ایمسٹ کے انعقاد میں ایک ماہ کی تاخیر کا امکان

   

Ferty9 Clinic

کونسل فار ہائیر ایجوکیشن کی تجویز ، جے ای ای مقررہ وقت پر ہوگا

حیدرآباد: کورونا وباء اور لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں جاریہ تعلیمی سال اسکول سے لے کر یونیورسٹی تک تعلیم متاثر ہوئی اور حکومت کو امتحانات کے بغیر طلبہ کو پروموٹ کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اب جبکہ نئے تعلیمی سال کا آغاز قریب ہے، مسابقتی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں سرکاری ادارہ فکرمند ہیں۔ جے ای ای انٹرنس امتحان فروری 2021 ء میں منعقد ہوگا ۔ تاہم تلنگانہ میں ایمسٹ کو ایک ماہ تک ملتوی کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ عام طورپر ایمسٹ امتحان مئی میں منعقد ہوا کرتا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے عہدیداروں نے بتایا کہ انٹر امتحانات کی بنیاد پر ایمسٹ کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں سے مشاورت کی تجویز ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے امتحانات کے اعلان نصاب کی کی تیاری اور دیگر امور کی تکمیل کے بعد ہی ایمسٹ کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔ عہدیداروں نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ ایمسٹ کو ایک ماہ تک ملتوی کیا جاسکتا ہے۔ اسی دوران نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے جے ای ای امتحان کے مقررہ وقت پر انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ فروری میں جے ای ای کے انعقاد سے طلبہ پر بھاری بوجھ پڑے گا۔ کئی کالجس میں نصاب کی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ کالجس کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ مسابقتی امتحانات کا عجلت میں انعقاد طلبہ کیلئے نقصان دہ ثابت ہوگا۔ گزشتہ کئی ماہ سے کالجس میں باقاعدہ کلاسس کے بجائے آن لائین کلاسس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ایسے میں نصاب کی تکمیل ممکن نہیں ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کی رائے ہے کہ جے ای ای اور ایمسٹ امتحانات کم وقفہ کے ساتھ منعقد کئے جائیں تاکہ طلبہ کو بیک وقت دونوں امتحانات کی تیاری کا موقع ملے۔