تلنگانہ میں ایم بی بی ایس کی 5115 نشستیں

   

سرکاری 1765 خانگی و اقلیتی 3350 نشستیں ، داخلوں کیلئے اندرون ہفتہ اعلامیہ جاری ہونے کا امکان
حیدرآباد۔2 ۔نومبر (سیاست نیوز) کالوجی نارائن ہیلت یونیورسٹی نے بتایا کہ ریاست میں سرکاری ، خانگی اور اقلیتی میڈیکل کالجس میں جملہ 5115 ایم بی بی ایس کی نشستیں ہیں۔ گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 1765 نشستیں ہیں۔ خانگی اور اقلیتی میڈیکل کالجس میں جملہ 3350 نشستیں ہیں۔ پیر کی شام کو شیٹ یو جی 2021 کے نتائج کی اجرائی کے بعد ریاست میں ایم بی بی ایس کی نشستوں کا موقف واضح ہوگیا ہے۔ کالوجی نارائن ہیلت یونیورسٹی نے بتایا کہ نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کی جانب سے نیٹ میں کوالیفائی کرنے والے ریاست کے امیدواروں کی تفصیلات پر مشتمل ڈاٹا حاصل ہوتے ہی داخلوں کیلئے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ۔ ایک ہفتہ میں ڈاٹا کی اجرائی کا امکان ہے ۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر اندرون 90 ہزار رینکس لانے والے طلبہ کو تلنگانہ کے میڈیکل کالجس میں داخلے ملنے کا امکان ہے ۔ قومی سطح پر ایک لاکھ سے زائد رینکس حاصل کرنے والا طلبہ کو ریاستت کے خانگی کالجس میں ایم بی بی ایس کی نشستیں حاصل ہوں گی۔ یونیورسٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتہ میں داخلوں کیلئے اعلامیہ جاری ہوگا ۔ کلاسس کا کب آغاز ہوگا، اس کا ابھی شیڈول تیار نہیں ہوا ہے ۔ اس مرتبہ کورونا کی وجہ سے طبی تعلیمی سال کے آغاز ہونے میں تاخیر ہوئی ہے۔ سرکاری کالجس میں تمام نشستیں اور خانگی کالجس میں 50 فیصد نشستیں کنوینر کوٹہ میں بھرتی کی جائیں گی گورنمنٹ میڈیکل کالجس میں 15 فیصد نشستیں آل انڈیا کوٹہ میں شامل ہونگی۔ دو مرحلوں کی کونسلنگ کے بعد بچنے والی نشستوں کو ریاستوں کے حوالے کردیا جائیگا ۔ دوسری طرف مرکزی حکومت معاشی پسماندہ اعلیٰ طبقات (ای ڈبلیو اایس) کوٹہ میں 10 فیصد نشستیں مختص کی گئی ہیں، آل انڈیا کوٹہ میں نشستیں ملنے کے باوجود کورونا کے پیش نظر طلبہ دیگر ریاستوں میںحصول تعلیم میں دلچسپی دکھاتے ہیں یا نہیں یہ تو آنے والا وقت ہی بتائیگا۔ ن