کسی کو تشویش کی ضرورت نہیں، قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، مٹ پلی میں اجلاس، پولیس کے اعلیٰ عہدیدار کا خطاب
مٹ پلی۔/27 فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر مٹ پلی محکمہ پولیس سرکل آفس میں ایڈیشنل ایس پی ضلع جگتیال کے دکشنا مورتی اور مٹ پلی کے ڈی ایس پی محمدغوث بابا نے مسلم دانشوروں کے ساتھ اجلاس کا انعقاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی سطح پر سیاہ قوانین کے تعلق سے تشویش نہ کریں ، ریاست تلنگانہ میں این آر سی، این پی آر ، سی اے اے کی عمل آوری ناممکن ہے، غلط مسیج اور غلط واٹس اپ پر دھیان نہ دیں ، اگر آپ کو صحیح اطلاعات ومعلومات حاصل کرنا ہے تو مقامی پولیس کا سہارا لیں، اگر اپنے احساسات و ناراضگیوں کو درج کرانا ہے تو مقامی پولیس کا تعاون حاصل کریں ، لاء اینڈ آرڈر کا لحاظ رکھیں، اس دوران مسلم دانشوران کی جانب سے یہ بات کہی گئی کہ بعض شرپسند عناصر غلط مسیج اور واٹس اپ کے ذریعہ شرپسندانہ حرکتیں کررہے ہیں ان پر بروقت قانونی کارروائی ہو۔ اس پر ایڈیشنل ایس پی کے دکشنا مورتی نے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی جو قانون کے تحت ہوگی۔ مٹ پلی کے ڈی ایس پی محمدغوث بابا نے کہا کہ ایسے شرپسند افراد کے بارے میںثبوت پیش کریں ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اس میں مسلم اور غیر مسلم کی بات نہیں، قانون سب کیلئے برابر ہوتا ہے، مقامی احباب سے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش کی۔سرکل انسپکٹر روی کمار نے کہا کہ سیاہ قوانین کا نفاذ موجودہ حالات کے پیش نظر ریاست میں ناممکن ہے۔ اس موقع پر ایس آئی ابراہیم پٹنم اشوک کے علاوہ مسلم دانشوران مٹ پلی جمعیت العلماء مٹ پلی سکریٹری قاری محمود الحسن قاسمی ، صدر انجمن اشاعت اردو حافظ محمد عبدالعزیز، مسجد ہدیٰ کے نائب در سید حسین ، سابق کونسلر محمد شاکر حسین صدیقی ، عبدالحفیظ ایڈوکیٹ، محمد شاہد، محمد سمیع، محمد رئیس الدین، محمد سلیم ، عبدالعلیم ، عبدالعظیم ، محمد شوکت علی، شیح امجد، اظہر عالم خان، مرزا فاروق علی بیگ، محمد عظمت ، محمد عارف، مرزا واجد بیگ اور دیگر احباب موجود تھے۔