چیف منسٹر سیکولر قائد ہیں، مکتھل میں انتخابی اجلاس سے ریاستی وزیر داخلہ کا خطاب
مکتھل۔/15 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے مکتھل میں کہا کہ ریاست کے مسلمانوں کو این آر سی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ریاست تلنگانہ میں اس پر کسی قسم کی عمل آوری نہیں ہوگی۔ جناب محمود علی ریاستی وزیر داخلہ نے مکتھل میں رکن اسمبلی سی رام موہن ریڈی کی قیامگاہ پر مسلم نمائندہ شخصیتوں اور ٹی آر ایس پارٹی کیڈر اور مجلس بلدی انتخابات کے ٹی آر ایس امیدواروں پر مشتمل منعقدہ ایک اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ جناب محمود علی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ کے سی آر کو سیکولر سیاسی قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں سے موجودہ حکومت کا تقابل کیا جائے تو نہ صرف ترقیات بلکہ امن وامان ، تعلیم اور سیکولرازم کے تحفظ کیلئے جو خدمات اور کارکردگی ہے وہ مثالی اور قابل ستائش ہے، جناب محمود علی نے این آر سی کی توجہ دہانی پر کہا کہ ہم نے دونوں ایوانوں میں اس بل کی مخالفت کی ہے اور تلنگانہ میں اس کو لاگو نہیں کیا جائے گا۔ محمود علی نے حال ہی میں ایک پروگرام میں مرکزی وزیر اقلیتی امور عباس نقوی سے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیر موصوف سے کہا کہ اگر کہیں ہندو بھائی پریشان ہیں تو ضرور انہیں ہمارے ملک میں پناہ دیں مگر یہاں والوں کو باہر کردینا یہ مناسب نہیں ۔ محمود علی نے مسلمانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ میں این آر سی سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے تمام بزرگوں اور خاص طور پر مسلم طبقہ سے اپیل کی کہ وہ امن وامان، ترقی اور سیکولرازم کیلئے مکتھل مستقر کے تمام 16 بلدی حلقوں میں ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر رکن اسمبلی سی رام موہن ریڈی ، دیوری ملپا صدرنشین انڈسٹریل کارپوریشن، محترمہ وناجا صدر ضلع پریشد نارائن پیٹ ، محترمہ سچرتا رام موہن ریڈی ، سی نظام پاشاہ صدر ضلع کوآپریٹیو مارکٹ کمیٹی، کے سرینواس گپتا، جناب امتیاز اسحاق سکریٹری اسٹیٹ ٹی آر ایس نرسمہا گوڑ صدر نشین زرعی مارکٹ کمیٹی ، بی چندراکانت گوڑ، مہی پال ریڈی، انور حسین، سالم بن عمربصراوی ، اصغر حسین ، احمد ہزاری ، ڈاکٹر ابوبکر و دیگر موجود تھے۔