حج ہاوز سے متصل کامپلکس کی پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن
کے ذریعہ تکمیل کا منصوبہ :وزیر داخلہ محمود علی
حیدرآباد۔/10 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حج ہاوز نامپلی سے متصل 7 منزلہ زیر تعمیر کامپلکس کی تکمیل کے سلسلہ میں حکومت نے پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کے ماہرین کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اس سلسلہ میں منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن ایم ملا ریڈی ( آئی پی ایس ) نے آج وزیر داخلہ محمد محمود علی سے حج ہاوز میں ملاقات کی اور عمارت کی تکمیل اور تزئین نو کے سلسلہ میں کارپوریشن کے انجینئرس اور ماہرین کے ذریعہ رپورٹ پیش کرنے کا تیقن دیا۔ واضح رہے کہ سات منزلہ کامپلکس کے علاوہ دو سیلر ہیں جس کا سنگ بنیاد 2009 میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے رکھا تھا۔ سُست رفتار کاموں کے سبب 2012 میں کنٹراکٹر نے پراجکٹ سے علحدگی اختیار کرلی اور اس نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا تاکہ زائد رقم ادا کی جائے۔ وقف بورڈ نے حالیہ عرصہ میں تقریباً ایک کروڑ روپئے ادا کرتے ہوئے معاملہ کی یکسوئی کردی جس کے بعد سے عمارت کی تکمیل پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ تقریباً 7 برسوں سے عمارت کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ عمارت کے دونوں سیلرس میں پانی بھر چکا ہے جس سے اندیشہ ہے کہ بنیادیں کمزور ہورہی ہیں۔ ایک لاکھ 12 ہزار مربع فیٹ پر تعمیر ہے جبکہ 52 ہزار مربع فیٹ پارکنگ کا علاقہ ہے۔ عمارت کی زبوں حالی کو دیکھتے ہوئے وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ وزیرداخلہ نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم، صدر نشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور عہدیداروں کے ہمراہ زیر تعمیر کامپلکس کا معائنہ کیا۔