حیدرآباد ۔ 15 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عوام کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں این آر سی پر عمل آوری نہیں ہوگی ۔ بلدی انتخابات کے سلسلہ میں اضلاع میں پارٹی کی انتخابی مہم میں مصروف محمود علی نے کل مکتھل میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے این آر سی پر عمل آوری نہ کرنے کا تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ تلنگانہ میں این آر سی پر عمل آوری نہیں ہوگی۔ لہذا آپ پرسکون رہیں اور کسی طرح کے اندیشوں کی ضرورت نہیں ہے ۔ محمود علی نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے گزشتہ دنوں دورہ حیدرآباد کا ذکر کیا اور کہا کہ مختار عباس نقوی سے ملاقات کے دوران انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کی۔ محمود علی نے کہا کہ پاکستان توکجا دنیا کے کسی بھی حصہ سے ہندو بھائی آتے ہیں تو انہیں ہندوستانی شہریت دیئے جانے پر کوئی اعتراض نہیں لیکن ملک میں موجود ہندوستانی شہریوں کے لئے مسائل پیدا کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ محمود علی نے کہا کہ عوام برسوں سے ہندوستان میں مقیم ہیں اور کئی لوگ ایسے ہیں جن کے پاس برتھ سرٹیفکٹ نہیں۔ انہوں نے عوام کو تیقن دیا کہ تلنگانہ میں این آر سی پر عمل آوری نہیں ہوگی ، لہذا کسی طرح کی تشویش کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ میں شہریت قانون کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔ چیف منسٹر نے مسلم قائدین سے ملاقات کے موقع پر اندرون دو یوم این آر سی اور این پی آر پر موقف کے اعلان کا وعدہ کیا لیکن 20 دن گزرنے کے باوجود آج تک چیف منسٹر نے پارٹی اور حکومت کے موقف کا اظہار نہیں کیا۔ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف مسلمانوں میں پھیلی بے چینی اور ریاست بھر میں جاری احتجاج کے سبب ٹی آر ایس کو اقلیتوں کے ووٹ سے محرومی کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ لہذا انتخابی مہم میں مسلم قائدین کے ذریعہ مسلمانوں کو این آر سی پر عمل نہ کرنے کا تیقن دیا جارہا ہے ۔