پولیس کے رویہ پر برہمی ، کل ہند مجلس انقلاب کی زنجیری بھوک ہڑتال ، مختلف شخصیتوں کا اظہار یگانگت
حیدرآباد۔20فبروری(سیاست نیوز)شہریت ترمیمی قانون( سی اے اے)‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف کل ہند مجلس انقلاب ملت ( اے آئی ایم آئی ایم)کی ایک زنجیری بھوک ہڑتال پارٹی کے مرکزی دفتر واقع مغل پورہ میںمنعقد کی گئی۔ زنجیری بھوک ہڑتال کی نگرانی پارٹی کے کار گذار صدر مولانا حامد حسین شطاری نے کی جبکہ جنرل سکریٹری عبدالقدوس غوری ایڈوکیٹ‘ خازن قوی عباسی ایڈوکیٹ کے علاوہ مفتی خیر الدین بیگ‘ عبدالستار مجاہد کل ہند مسلم لیگ‘ سماجی کارکن اور کانگریس لیڈر شیراز آمینہ خان‘ رضاکارانہ تنظیم رضائے الہی کے صدر الحاج سید سلیم اور دیگر سماجی تنظیموں سے وابستہ خواتین نے بھی ہڑتال سے خطاب کیا۔مولانا حامد حسین شطاری نے صدراتی خطاب میںمخالف سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر مظاہرین کے ساتھ پولیس کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیااور کہاکہ تلنگانہ بالخصوص حیدرآباد سے سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر کے خلاف اٹھنے والی آواز کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔ ایک مخصوص طبقے کے ساتھ نرمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ احتجاج کے لئے ہمیں عدالت سے رجوع ہونا پڑرہا ہے اس کے بعد بھی پولیس ہمیں احتجاج کے لئے مشروط اجازت دے رہی ہے۔عبدالقدوس غوری نے زنجیری بھوک ہڑتال سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی اے اے‘ این آرسی او راین پی آر جیسے سیاہ قوانین کے ذریعہ حکومت اقلیتوں اورد یگر پسماندہ طبقات کو دوسرے درجہ کا شہری بنانے کی سازش کے ساتھ ملک میںنفرت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہو ںنے کہاکہ ہمیںساتھ ملکر اس سازش کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ملک میںتانا شاہی نہیںبلکہ جمہوریت ہے اور ملک بابا صاحب امبیڈ کر کے بنائے ہوئے آئین پر چلتا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مرکزی حکومت آئین کے بجائے منو سمرتی کے ذریعہ اس ملک کو چلانے کاکام کررہی ہے جس کو ہم ہرگزکامیاب ہونے نہیںدیں گے۔ قوی عباسی نے زنجیری بھوک ہڑتال سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یکم اپریل سے ریاست تلنگانہ میںاین پی آر کی شروعات کے لئے حکومت کمربستہ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کو اندھیرے میںرکھ کر این پی آر نافذ کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ این پی آر دراصل این آرسی کا پہلا مرحلہ ہے جس کا نفاذ تلنگانہ میں دستاویزات سے محروم لوگوں کے لئے مشکل پیدا کرسکتا ہے۔انہو ںنے کہامزیدکہاکہ این پی آر کو روکنے کے لئے مفاد عامہ کے تحت ہائی کورٹ میں کل ہند مجلس انقلاب ملت نے ایک تحریری درخواست دائر کی ہے اور ہمیںامید ہے کہ بہت جلد اس پر تلنگانہ ہائی کورٹ اپنافیصلہ سنائے گا۔ انہو ںنے کہاکہ مایوسی کی صورت میںہم ہمت نہیںہاریں گے اور سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیںگے۔مفتی خیر الدین بیگ صوفی نے کہاکہ تلنگانہ کے عوام کو اس بات کا عہد لینے کی ضرورت ہے کہ وہ مستقبل میںاین پی آر کے تحت گھروں پر آنے والے عہدیداروں سے نہ تو بات کریں گے اور نہ ہی اپنی تفصیلات کا اندراج کرائیں گے۔ زنجیری بھوک ہڑتال کا قومی ترانے پر اختتام عمل میںآیا۔ پولیس کی بھاری جمعیت بھی اس موقع پر متعین کردی گئی تھی‘ سادہ لباس میںبھی پولیس جوانوں کی موجودگی علاقے میںسنسنی کا سبب بن رہی تھی۔