ٹی آر ایس پارٹی عاملہ اجلاس کے بعد کارگذار صدر پارٹی کے ٹی آر کی وضاحت
حیدرآباد۔27ڈسمبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے این پی آراور این آر سی کے سلسلہ میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور جب فیصلہ کیا جائے گا تو اس وقت عوام کو واقف کروادیا جائے گا۔حکومت نے واضح کیا کہ کتنی مدت میں اس کا فیصلہ کرے گی یہ کوئی طئے نہیں کیا گیا ہے لیکن کوشش کی جائے گی کہ جلد اس مسئلہ پر فیصلہ کیا جائے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے پارٹی عاملہ اجلاس کے بعد اس بات کی وضاحت کردی کہ حکومت نے اب تک بھی اس مسئلہ پر کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس بلدی انتخابات میں عوام کا سامنا کرنے کے موقف میں نہیں ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی مجوزہ بلدی انتخابات میں بہتر مظاہرہ کرے گی۔ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج پارٹی عاملہ کے اجلاس کے دوران یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی انتخابات میں حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں کے علاوہ دیگر امور کو موضوع بنائے گی اور اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ ریاست تلنگانہ کے تمام بلدیات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کی کامیابی کو یقینی بنایاجائے۔ پارٹی عاملہ کے اجلاس میں انہوں نے قائدین کو ہدایت دی کہ وہ اپنے علاقوں میں موجود سرگرم کارکنوں کے ساتھ عملی انتخابی مہم کا آغاز کردیں اور عوام کو حکومت کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی اسکیمات کے سلسلہ میں واقف کروائیں تاکہ عوام میں شعور اجاگر ہو۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی موضوع نہیں ہے جس کے ذریعہ وہ انتخابات میں عوام کا سامنا کرسکیں ۔ کارگذار صدر ٹی آر ایس و ریاستی وزیر نے کہا کہ ریاست میں بلدی انتخابات کے دوران پارٹی کارکنوں کو متحرک کیا جائے اور انہوںنے تنظیم سازی کے عمل کے متعلق کہا کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی نے 95فیصد تنظیم سازی کا عمل مکمل کرلیا ہے۔