تلنگانہ میں این پی آر پر عمل کیلئے امتحانی شیڈول متاثر کیا جائیگا

   

یکم جنوری 2021 سے 15 مارچ 2021 تک کوئی امتحان نہ رکھنے کمشنر اسکولی تعلیم کو حکومت کی ہدایت

حیدرآباد۔17 فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ کی کے سی آر حکومت ریاست میں مردم شماری اور این پی آر پر عمل آوری کیلئے اس حد کمربستہ ہے کہ وہ اس کیلئے امتحانی شیڈول پر تک اثر انداز ہونے کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اڈیشنل سیکریٹری برائے حکومت کی جانب سے کمشنر اسکولی تعلیم کے نام فوری توجہ کے ساتھ روانہ ایک آفس آرڈرجاری میں ان سے خواہش کی گئی ہے کہ یکم جنوری 2021سے 15مارچ 2021کے درمیان کسی طرح کے امتحانات کا شیڈول تیار نہ کیا جائے۔ حکومت اس مدت کے دوران مردم شماری اور این پی آر کیلئے عملہ کی تربیت اور فیلڈ آپریشن(اندارجات) کا کام مکمل کرنا چاہتی ہے۔ان احکامات پر عمل آوری کی صورت میں آئندہ تعلیمی سال کے سالانہ امتحانات 15 مارچ کے بعد یا یکم جنوری سے قبل منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت تلنگانہ کے اعلامیہ کے مطابق محکمہ تعلیمات اور کمشنر اسکول ایجوکیشن کو جاری کردہ ہدایات میں یہ واضح طور پر کہا گیا ہے کہ وہ یکم جنوری 2021 تا15 مارچ2021 کے درمیان کوئی امتحانات منعقد نہ کریں کیونکہ اس دوران کمشنر مردم شماری نے اس مدت میں مکمل تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ ان احکامات میں مردم شماری 2021 کے سلسلہ میں رجسٹرار جنرل اینڈ سینسس کمشنر کی جانب سے جاری کردہ D.D.No.9/64/2019-CD کا حوالہ دیا گیا ہے جو کہ 30جنوری 2020کو جاری کیا گیا ہے۔ حکومت تلنگانہ اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے جاری اس میمو No.990/Ser.II/A1/2020 جو کہ 13فروری 2020کو جاری کیا گیا ہے اس میں مکمل تفصیلات درج کی گئی ہیں اور ان احکامات میں یہ بات واضح طورپرموجود ہے کہ حکومت کی جانب سے مردم شماری ہی نہیں بلکہ ریاست میں ہاؤز لسٹنگ اور این پی آر کا بھی کام انجام دیا جا رہاہے۔ احکامات میں عہدیدارو ںکو اس بات کی بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان احکامات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد اس سلسلہ میں رپورٹ حکومت کو پیش کریں ۔مردم شماری اور این پی آر کے عمل کی تکمیل آئندہ سال کے اوائل میں کی جائے گی اور جس مدت میں امتحانات کا انعقاد نہ کرنے ہدایت دی گئی ہے اس مدت کے دوران مردم شماری اور این پی آر کے دوران حاصل کی گئی مکمل تفصیلات کو اپڈیٹ کرنے کا عمل جاری رہے گا کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے مردم شماری کے سلسلہ میں جزوی رپورٹ ماہ مارچ کے اواخر میں جاری کی جاتی ہے۔