تلنگانہ میں ایکسائز کی آمدنی بڑھ کر 40,209 کروڑ تک پہنچ گئی

   

تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی آمدنی، 7 سال میں آمدنی دوگنی
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں محکمہ ایکسائز نے مالیاتی سال 2025-26 کے دوران ریکارڈ سطح کی آمدنی حاصل کرتے ہوئے تاریخ میں پہلی مرتبہ 40,209 کروڑ روپئے کا ریونیو درج کیا ہے ۔ یہ ریاست کے قیام کے بعد سب سے بڑی آمدنی سمجھی جارہی ہے ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالیاتی سال 2018-19 میں ایکسائز آمدنی 20,859 کروڑ روپئے تھی جو محض 7 برسوں میں دوگنی ہوکر موجودہ سطح تک پہنچ گئی ہے ۔ گزشتہ مالیاتی سال 2024-25 میں یہ آمدنی 37,437 کروڑ روپئے رہی تھی جبکہ اس سال 2,722 کروڑ روپئے کا اضافہ ہوا ہے جو تقریباً 7 فیصد ترقی کو ظاہر کرتا ہے ۔ مالیاتی سال 2025-26 میں شراب کی فروخت میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ بیئر کی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔ اس دوران شراب کے 382.34 لاکھ کیسز فروخت ہوئے۔ بیئر کے 387.34 لاکھ لائسنس فروخت ہوئے جبکہ اس سے قبل بیئر کی فروخت 536.13 لاکھ لائسنس تک رہی تھی ۔ ڈسمبر کا مہینہ سب سے آمدنی والا رہا ہے جس میں 5,051 کروڑ روپئے کی فروخت ہوئی ۔ ریاست بھر میں موجود 2,620 شراب کی دکانات سے سالانہ کرایہ کی حد میں 1,771 کروڑ روپئے حاصل کئے جارہے ہیں جب کہ 1,214 بارس کے ذریعہ 549 کروڑ روپئے کی آمدنی ہورہی ہے ۔ شراب کی نئی دکانات کیلئے 95,628 درخواستوں کے ذریعہ حکومت کو 2,869 کروڑ روپئے کی اضافی آمدنی حاصل ہوئی ہے ۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد ایکسائیز کی آمدنی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ 2015-16 میں 12,706 کروڑ ، 2017-18 میں 17,597 کروڑ ، 2021-22 میں 30,783 کرو ڑ ، 2023-24 میں 37,675 کروڑ اور 2025-26 میں 40,209 کروڑ روپئے کی آمدنی حاصل ہوئی۔ 2