تلنگانہ میں ایک دن میں کورونا کے 730 پازیٹیو کیس

,

   

سات اموات ۔ گریٹر حیدرآباد میں 659 نئے کیس ۔ عوام سے احتیاط کی اپیل
حیدرآباد ۔ تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور آج ایک دن میں ریاست میں کورونا کے 730 پازیٹیو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں 659 کیس گریٹر حیدرآباد کے حدود میں رپورٹ کئے گئے ۔ اس طرح تلنگانہ اور گریٹر حیدرآباد میں ہر روز ریکارڈ تعداد میں مریضوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے ۔ ریاستی حکومت کے ایک بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ آج جملہ 3,297 کورونا ٹسٹ کئے گئے جن میں 730 پازیٹیو آئے ہیں۔ اس طرح اب تک ریاست میں جملہ 7,802 افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ آج ایک دن میں کورونا سے سات اموات کی بھی توثیق ہوئی ہے اور اب تک مرنے والوں کی تعداد 210 ہوگی ہے ۔ آج ایک دن میں جملہ 225 مریضوں کو علاج اور صحتیابی کے بعد دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ہے ۔ اب تک جملہ 3,731 مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے جبکہ مزید 3,861 مریض دواخانوں میںزیر علاج ہیں۔ بلیٹن میں واضح کیا گیا ہے کہ آج کے تازہ کیسوں میں صرف گریٹر حیدرآباد سے جملہ 659 مریض رپورٹ کئے گئے ہیں

جبکہ جنگاوں میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور جنگاوں سے جملہ 34 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ رنگا ریڈی ضلع سے 10 اور میڑچل سے 9 کیس رپورٹ کئے گئے جبکہ ورنگل سے 6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ آصف آباد سے تین اور وقار آباد سے دو کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسی طرح سنگاریڈی ‘ عادل آباد ‘ بھدرا دری کتہ گوڑم ‘ نارائن پیٹ ‘ میدک ‘ نلگنڈہ اور یادادری سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ حکومت نے اپنے بلیٹن میں عوام سے اپیل کی کہ وہ احتیاط کریں اور گھروں میں رہتے ہوئے خود کو اور اپنے افراد خاندان کو محفوظ رکھیں۔ غیر ضروری گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ حد درجہ ضرورت پر باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال کریں۔ ماسک کورونا سے بچنے کا اولین طریقہ ہے ۔ علاوہ ازیں بازاروں میں سماجی فاصلے کے اصولوں کی پابندی کرنے کو کہا گیا ہے ۔ عوام سے خواہش کی گئی ہے کہ اگر ان میں کھانسی ‘ حلق میں خراش ‘ ناک بہنے ‘ بخار ‘ سانس لینے میں تکلیف جیسی علامات پائی جائیں تو وہ فوری قریبی سرکاری ہیلت سنٹر سے رجوع ہوں اور مشورہ لیں۔ ضرورت پڑنے پر علاج سے استفادہ کریں۔