شہیدوں کے خاندان میں ایک ملازمت ، 25 ہزار روپئے وظیفہ ، جہدکاروں کے مقدمات سے دستبرداری، کانگریس کا یوتھ ڈکلیریشن
حیدرآباد8۔مئی (سیاست نیوز) کانگریس نے آج سرور نگر میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسہ میں حیدرآباد یوتھ ڈکلیریشن کے ذریعہ کانگریس برسر اقتدار آنے پر کئی وعدوں پر عمل آوری کا اعلان کیا ہے۔ شہیدان تلنگانہ کے پسماندگان میں کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کی جائے گی اور والد ، والدہ یا بیوہ کو ماہانہ 25 ہزار روپئے وظیفہ مقرر کیا جائے گا۔ تلنگانہ تحریک میں حصہ لینے والے جہدکاروں اور نوجوانوں پر عائد کردہ تمام مقدمات سے دستبرداری اختیار کی جائے گی اور جہد کاروں کو شناختی کارڈس جاری کئے جائیں گے۔ اقتدار کے ایک سال میں دو لاکھ جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کی مخلوعہ جائیدادوں کی نشاندہی کرتے ہوئے تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ بیروزگار نوجوانوں کو ماہانہ 4000 روپئے الاؤنس دیا جائے گا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی تشکیل یونین پبلک سرویس کمیشن کی طرز پر عمل میں آئے گی اور تقررات میں مکمل شفافیت ہوگی۔ ریاست میں مرکزی سطح کا آن لائین رجسٹریشن سسٹم متعارف کیا جائے گا تاکہ بیروزگار نوجوان اپنے نام درج کرائیں۔ ریاست کے ہر زون میں ایمپلائیمنٹ ایکسچینج قائم ہوگا اور اسکل ٹریننگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے۔ خانگی اداروں میں مقامی امیدواروں کو 75 فیصد تحفظات حاصل ہوں گے۔ نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے یوتھ کمیشن تشکیل دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو 10 لاکھ روپئے بلا سودی قرض فراہم کئے جائیں گے۔ خلیجی ممالک میں روزگار سے محروم افراد کی بازآبادکاری اور دھوکہ باز ایجنٹس کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی قانون سازی کی جائے گی۔ بیرونی ممالک میں روزگار کے حصول میں حکومت کی جانب سے رہنمائی ہوگی۔ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیت کے طلبہ کے 4000 کروڑ کے فیس ری ایمبرسمنٹ بقایہ جات جاری کئے جائیں گے۔ عادل آباد ، کھمم اور میدک میں یونیورسٹیز کا قیام عمل میں آئیگا۔ باسر ٹرپل آئی ٹی طرزپر تلنگانہ میں 4 مقامات پر ٹرپل آئی ٹی ادارے قائم کئے جائیں گے۔ اسپورٹس یونیورسٹی کا قیام عمل میں آئیگا اور ہوم گارڈ ، آر ٹی سی اور دیگر اداروں کے ملازمین کیلئے ورنگل و حیدرآباد میں یونیورسٹیز قائم کی جائیں گی۔ر