اسکالر شپ اور فیس بازادائیگی کی عدم اجرائی، محمد علی شبیر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/3 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں 2014 سے آج تک ایک لاکھ 29 ہزار 719 اقلیتی طلبہ اپنی اعلیٰ تعلیم ترک کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں کیونکہ حکومت نے اسکالر شپ کی اجرائی روک دی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ اسمبلی میں ریاستی وزیر کے ایشور کی جانب سے جو تفصیلات پیش کی گئیں اس کے مطابق یہ اعداد و شمار منظرعام پر آئے ہیں۔ ریاستی حکومت نے پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اور فیس ری ایمبرسمنٹ کی اجرائی روکتے ہوئے 1.29 لاکھ اقلیتی طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی قابل اور ٹاپرس طلبہ حکومت کے رویہ کے نتیجہ میں تعلیم ترک کرنے پر مجبور ہوگئے کیونکہ وہ معاشی پسماندگی کے باعث فیس کی ادائیگی سے قاصر ہیں۔ محمد علی شبیر نے یونیورسٹی آف حیدرآباد سے پبلک ہیلت شعبہ میں ماسٹرس کرنے والی نظام آباد کی طالبہ ماریہ سلطانہ کی مثال پیش کی جو 2020 کے آل انڈیا انٹرنس امتحان میں ٹاپرس میں شامل رہیں۔ دونوں سیمسٹرس میں نمایاں نشانات حاصل کئے لیکن تھرڈ سیمسٹر کیلئے حکومت نے اسکالر شپ جاری نہیں کی جس کے سبب تعلیم جاری رکھنا دشوار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماریہ سلطانہ کی محض ایک مثال ہے جبکہ ایسے ہزاروں طلبہ ہیں جو معاشی پسماندگی کے نتیجہ میں تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013-14 میں کانگریس حکومت کے دوران 117073 طلبہ پوسٹ میٹرک اسکالر شپ حاصل کرتے تھے جس کے تحت 35.77 کروڑ جاری کئے گئے۔ طلبہ کی تعداد گھٹ کر 71591 ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے محض 18.92 کروڑ جاری کئے جارہے ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ کورونا وباء کو بنیاد کر حکومت اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی کی اجرائی سے گریز کررہی ہے۔ کانگریس دور حکومت نے فیس باز ادائیگی اسکیم کے نتیجہ میں ہزاروں طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے میںکامیاب رہے۔ انہوں نے کہا کہ پری میٹرک اور پوسٹ میٹرک اسکالر شپ کے معاملہ میں تلنگانہ حکومت کا رویہ افسوسناک ہے۔ اوورسیز اسکالر شپ کے تحت گزشتہ دو برسوں سے طلبہ کو رقومات جاری نہیں کی گئیں جس کے سبب وہ بیرونی یونیورسٹیز میں فیس کی ادائیگی کیلئے قرض حاصل کرنے پر مجبور ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایسے تمام طلبہ جنہوں نے تعلیم ترک کردی ہے ربط قائم کرے گی اور ان کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی۔ر