تلنگانہ میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا منصوبہ: چیف منسٹر

   

پداپلی میں ترقیاتی کاموں کی تکمیل پر اظہار مسرت، ریونت ریڈی کا جلسہ سے خطاب

حیدرآباد۔4۔ ڈسمبر۔(سیاست نیوز) ریاست میں کانگریس آئندہ انتخابات میں 1 کروڑ خواتین کے ووٹ حاصل کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج پدا پلی میں ’یووا وکاسم‘ جلسہ عام سے خطاب کے دوران بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایک کروڑ خواتین کو ریاست بھر میں کروڑ پتی بنانے کے منصوبہ کے ساتھ حکومت کام کر رہی ہے اور انہیں یقین ہے کہ آئندہ 5 سال کے دوران اس نشانہ کو مکمل کرلیا جائے گا اور خواتین کو اس منصوبہ میں شامل کرتے ہوئے آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی محض خواتین کے 1 کروڑ ووٹ حاصل کرے گی۔ حکومت نے 92لاکھ ووٹ حاصل کرتے ہوئے ریاست میں اقتدار حاصل کیا تھا اور آئندہ صرف خواتین کے ایک کروڑ ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس نے اقتدار حاصل کرنے کے بعد عوام کی توقعات سے زیادہ کام کیا ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں کو یہ کام پسند نہیں آرہے ہیں اور صبح نیند سے جاگتے ہی کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی بات کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا خواب دیکھنے والے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو ان سازشوں کے بجائے حکومت کو مشورے دینے چاہئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اندرون ایک سال 55 ہزار سے زائد ملازمتوں کی فراہمی عمل میںلائی جاچکی ہے اور آج وہ گروپIV کے ملازمین کو تقررنامے حوالہ کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ جب بھی کریم نگر کے کسی بھی علاقہ میں پہنچتے ہیں تو انہیں اپنے عہد کا اعادہ کرنے کی تاریخ یاد آتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مسز سونیاگاندھی نے کریم نگر میں ہی تلنگانہ عوام کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے والی بی جے پی اپنے وزیر اعظم یا کسی بھی ریاست کے چیف منسٹر کو مباحث کیلئے لائے وہ بحث کیلئے تیار ہیں ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ پداپلی میں آج 1ہزار 35 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل انتہائی خوش آئند ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں دھان کی پیداوار کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے کسانوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی ہے جس کے نتیجہ میں آج کسان باریک چاول کی پیداوار میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔انہو ںنے بتایا کہ کسانوں کے قرض کی معافی کے ذریعہ انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانے کے اقدامات کئے گئے جبکہ گذشتہ حکومت نے کسانو ںکو مکمل طور پر نظرانداز کردیا تھا ۔اس جلسہ عام سے ڈپٹی چیف منسٹر و ریاستی وزیر فینانس ملو بھٹی وکرمارک ریاستی وزراء کیپٹن این اتم کمار ریڈی ‘ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ پونم پربھا کر‘ ڈی سریدھر بابو‘ پی سرینواس ریڈی ‘ صدرپردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ‘ کے علاوہ دیگر نے بھی مخاطب کیا۔3