گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن کی محکمہ صحت کو مبارکباد۔ کوویڈ کمانڈ سنٹر کا معائنہ
حیدرآباد : گورنر تلنگانہ تمیلی سائی سوندرا راجن نے ریاست میں کورونا کے ایک کروڑ ٹیکے دینے پر محکمہ صحت کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ٹیکہ اندازی کی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے۔ شہر حیدرآباد کے وینگل راؤ نگر میں قائم کردہ کوویڈ کمانڈ سنٹر کا گورنر نے معائنہ کیا اور کہا کہ حکومت نے ایک بہتر سوچ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوویڈ کمانڈ سنٹر قائم کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے کوویڈ کمانڈ سنٹر کے وار روم اور کال سنٹر کا بھی جائزہ لیا جہاں ضرورتمندوں کیلئے طبی خدمات سے متعلق مدد فراہم کی جارہی ہے۔ گورنر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کیلئے پوری طرح تیار رہیں۔ تلنگانہ حکومت نے کورونا کی تیسری لہر کا سامنا کرنے کیلئے وینگل راؤ نگر میں واقع انڈین انسٹیٹیوٹ آف ہیلت اینڈ فیملی ویلفیر سنٹر میں کوویڈ کمانڈ سنٹر قائم کیا ہے جس کا کل ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے افتتاح کیا تھا جس میں کمانڈ سنٹر، کال سنٹر اور ٹیلی میڈیسن کی سہولیات دستیاب ہیں۔ گورنر نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے ٹیکہ اندازی مہم میں شدت پیدا کرنا ضروری ہے۔
تلنگانہ میں کوویڈ ویکسین پروگرام
حیدرآباد ۔ تلنگانہ میں ایک طرف کورونا کے کیسس میں مسلسل کمی ہورہی ہے تو دوسری طرف حکومت کی جانب سے ٹیکہ اندازی کے پروگرام میں تیزی پیدا کی جارہی ہے۔ ریاست میں ویکسین کیلئے2,20,00,000 افراد اہل ہیں جن میں حیدرآباد22,30,000 ، رنگاریڈی 12,70,000 اور میڑچل 11,80,000 شامل ہیں۔