21 لاکھ سے زائد عینکوں کی تقسیم، 15 جون تک مہم جاری رہے گی
حیدرآباد۔/28 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں حکومت کے آنکھوں کے معائنہ پروگرام کے تحت ایک کروڑ 57 لاکھ 58 ہزار 982 افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ 21 لاکھ 85 ہزار 945 افراد میں ریڈنگ گلاسیس تقسیم کی گئیں۔ تلنگانہ میں اندھے پن کے خاتمہ کے مقصد سے حکومت نے یہ پروگرام شروع کیا ہے۔ ریاست کے 11862 گرام پنچایت وارڈز اور 3495 میونسپل وارڈز میں کیمپس منعقد کرکے آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے پہلے مرحلہ کا پروگرام 15 اگسٹ 2018 کو میدک ضلع میں شروع کیا تھا جو 8 ماہ تک جاری رہا۔ ایک کروڑ 50 لاکھ افراد کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا اور جاریہ سال ابھی تک گذشتہ ریکارڈ کو عبور کرلیا گیا ۔ 18 جنوری کو کھمم میں دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوا۔ 84 ایام کار میں 92.75 افراد کا احاطہ کیا گیا۔100 ایام میں ریاست کے تمام شہریوں کی آنکھوں کا معائنہ مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق تاحال 84 ایام کار میں 92.75 فیصد آبادی کی آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔ عوامی نمائندے اور محکمہ جات پنچایت راج اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کے عہدیدار مہم میں شامل ہوئے۔ حکومت جون میں پروگرام کے اختتام تک 2 کروڑ افراد کی آنکھوں کا معائنہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ یہ پروگرام 15 جون تک جاری رہیگا۔ تمام ضلع کلکٹرس کو عوامی نمائندوں کے اشتراک سے آنکھوں کے معائنے مکمل کرنے ہدایت دی گئی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے پروگرام کے بہتر انعقاد کیلئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ر