تلنگانہ میں بارش کا قہر ‘ آج اور کل کیلئے ریڈ الرٹ جاری

   

کتہ گوڑم اور ورنگل میں جملہ 3 افراد بہہ گئے ۔ عام زندگی متاثر۔ کئی ٹاونس اور گاووں کا سڑکوں سے رابطہ منقطع

حیدرآباد۔ 6 ستمبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں مانسون کی بارش کا قہر جاری ہے اور آج پیر کو دو سابقہ متحدہ اضلاع ورنگل اور کھمم میں انتہائی شدید بارش ہوئی ہے جبکہ تلنگانہ کے تقریبا تمام دوسرے اضلاع میں آج مسلسل چھٹے دن بھی بارش ریکارڈ کی گئی ۔ ورنگل اور کھمم کے کئی ٹاونس اور شہروں میں زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی اور بارش کا پانی کئی نشیبی علاقوں میں جمع ہوگیا اور گاووں سے سڑکوں کا رابطہ بھی ٹوٹ گیا ۔ کئی مقامات پر سڑکوں پر جھیل سی بن گئی تھی ۔ آئندہ دو دن کے دوران صورتحال اور بھی بگڑ سکتی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے منگل کو پانچ اضلاع کیلئے اور چہارشنبہ کو چار اضلاع کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے ۔ منگل کو پیدا پلی ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ ملگ ‘ بھدرادری کتہ گوڑم اور کھمم میں انتہائی شدید بارش کا امکان ہے جبکہ چہارشنبہ کو عادل آباد ‘ کمارم بھیم آصف آباد ‘ نرمل اور نظام آباد کیلئے شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست کے تقریبا تمام مابقی اضلاع میں بھی آئندہ دو دن کے دوران اوسط سے شدید بارش ہوسکتی ہے کیونکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ کتہ گوڑم اور ورنگل میں علیحدہ واقعات میں کم از کم تین افراد کے بہہ جانے کی اطلاع ہے ۔ کتہ گوڑز کے پالونچہ کی جئے اماں کالونی میں آٹھ سالہ لڑکی ایس انجلی سیلاب کے پانی میں بہہ گئی ۔ یہاں قریبی پہاڑی سے پانی کا بہاو شدید تھا ۔ اس لڑکی کی نعش کالونی سے ایک کیلومیٹر کی دوری پر دستیاب ہوئی ۔ ایک اور واقعہ میں چیرلہ منڈل کے گومو گوڈیم علاقہ میں ایک 70 سالہ مچھیرا ایس پاپیا اتوار کو بہہ گیا اور اس کی نعش ابھی تک دستیاب نہیں ہوئی ہے ۔ متحدہ ضلع ورنگل کے نچناپلی میں پیش آئے ایک واقعہ میں آر وینکٹ ریڈی نامی ایک تعمیراتی مزدور اس وقت پانی میں بہہ گیا جب وہ ایک کنال میں گرگیا ۔ اس کی نعش کو پولیس نے مقامی افراد کی مدد سے نکال لیا ۔ شہر ورنگل میں بھی گذشتہ پانچ برسوں کی سب سے شدید بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں ۔ پولیس نے شہر کے کئی علاقوں میں ٹریفک کی آمد و رفت کو مسدود کردیا ہے ۔ آج صبح 11 بجے سے بارش کا آعاز ہوا اور چار گھنٹوں تک مسلسل بارش ہوتی رہی جس سے لوگ گھروں میں بند رہنے پر مجبور ہوگئے ۔ کھمم ضلع میں بھی صورتحال تقریبا ایسی ہی رہی ۔ خاص طور پر کتہ گوڑم میں شدید بارش ریکراڈ کی گئی ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائیٹی کے بموجب سابقہ کتہ گوڑم میں 177.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ سیتارام پٹنم میں 167.8 ملی میٹر اور گریمیلا پاڈو میں 165.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ تقریبا ایک درجن مقامات پر 117.8 ملی میٹر سے 174.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ شدید بارش کے نتیجہ میں کرشنا اور گوداوری طاس کے کئی آبپاشی پراجیکٹس بشمول سری سیلم ‘ ناگرجناساگر ‘ جورالا ‘ سری پد یلم پلی تقریبا پر ہوگئے ہیں جس کے نتیجہ میں یہاںحکام نے دروازے کھولتے ہوئے پانی کی نکاسی عمل میں لائی ۔