وی کرونا، رونالڈ راس ، امراپالی ، انجنی کمار ، ابھیشک موہنتی اور دیگر عہدیدار شامل
حیدرآباد 10 اکٹوبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے تلگو ریاستوں میں الاٹ کردہ آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں سے متعلق ایک اہم فیصلہ کرتے ہوئے الاٹ کردہ ریاستوں میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ بعض آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے جنھیں ریاست کی تقسیم کے وقت آندھراپردیش الاٹ کیا گیا تھا، مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ اُنھیں تلنگانہ ریاست الاٹ کی جائے۔ مرکزی حکومت نے عہدیداروں کی اِس درخواست کو مسترد کردیا اور اُنھیں آندھراپردیش میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی۔ جن عہدیداروں نے مرکز سے تلنگانہ الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی اُن میں کمشنر جی ایچ ایم سی وی کرونا، رونالڈ راس، امراپالی، وانی پرساد، وی پرشانتی کے علاوہ آئی پی ایس عہدیداروں میں انجنی کمار، ابھیشک موہنتی اور دوسرے شامل ہیں۔ چیف سکریٹری تلنگانہ کو مرکز نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے اِن عہدیداروں کو آندھراپردیش میں رپورٹ کرنے کے لئے تلنگانہ سے ریلیو کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مذکورہ عہدیدار 16 اکٹوبر سے قبل آندھراپردیش میں رپورٹ کریں۔ واضح رہے کہ متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے وقت تلنگانہ اور آندھراپردیش کے لئے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کا الاٹمنٹ کیا گیا تھا۔ الاٹمنٹ کے خلاف بعض عہدیداروں نے اعتراض کرتے ہوئے مختلف وجوہات کے سبب تلنگانہ الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ کئی عہدیداروں نے سنٹرل اڈمنسٹریٹیو ٹریبونل نے درخواست دائر کی۔ ٹریبونل نے عہدیداروں کے حق میں فیصلہ سنایا تاہم مرکزی حکومت نے ٹریبونل کے احکامات کو نظرانداز کرتے ہوئے آندھرا کیڈر عہدیداروں کو فوری تلنگانہ سے ریلیو ہونے کی ہدایت دی ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے جاریہ سال مارچ میں مرکزی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ ایسے عہدیداروں کی درخواستوں کا ازسرنو جائزہ لیا جائے۔ مرکزی حکومت کے چیف سکریٹری کو احکامات کے بعد آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کے لئے اپنے الاٹ کردہ اسٹیٹ کو رپورٹ کرنا لازمی ہوچکا ہے۔ مرکزی وزارت پرسونل پبلک گریونسیس کی جانب سے تلگو ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو احکامات کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ 1