پیداوار میں اضافہ کے سی آر کا کارنامہ، ملازمین کے اجلاس سے جگدیش ریڈی کا خطاب
حیدرآباد 22۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں برقی بحران پر قابو پالیا گیا اور ملک میں جاری کوئلہ بحران کے باوجود تلنگانہ میں برقی شعبہ متاثر نہیں ہوگا۔ وزیر نے برقی ملازمین کے ریاستی سطح کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں نئی ریاست کے قیام کے بعد صرف دو برسوں میں برقی بحران پر قابو پالیا گیا اور ہر شعبہ کو 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ جگدیش ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ کوئلہ بحران سے تلنگانہ میں برقی سربراہی متاثر نہیں ہوگی اور نہ ہی کٹوتی کا کوئی امکان ہے۔ چیف منسٹر برقی ملازمین کی بھلائی کے حق میں ہیں اور انہوں نے برقی شعبہ کیلئے کئی مراعات کا اعلان کیا ہے۔ وزیر برقی نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ برقی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ادارہ کی کامیابی کیلئے انتظامیہ اور ملازمین میںبہتر تال میل ضروری ہے۔ قیام تلنگانہ کے وقت ریاست میں برقی پیداوار صرف 600 میگاواٹ تھی اور کے سی آر حکومت نے برقی پیداوار کو 16000 میگا واٹ تک پہنچا دیا ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے وقت سولار اینرجی محض 70 میگا واٹ تھی جو 4000 میگا واٹ ہوچکی ہے ۔ ملازمین کی بہتر کارکردگی سے اداروں کو استحکام ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں کسانوں کو برقی کے حصول کے لئے ہمیشہ احتجاج کا سہارا لینا پڑا لیکن تلنگانہ حکومت نے 24 گھنٹے مفت برقی کی سربراہی کے وعدہ کی تکمیل کی ہے ۔ تقریب سے وزیر اکسائز سرینواس گوڑ ، صدرنشین پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن رگھوما ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے خطاب کیا۔ ر