تلنگانہ میں بلاک فنگس انفیکشن سے 7 اموات

,

   

اضلاع میں انفیکشن کا تیزی سے پھیلاؤ، کوٹھی کے نوڈل سنٹر میں 23 افراد زیر علاج
حیدرآباد: ریاست میں بلاک فنگس انفیکشن کی اموات میں اضافہ ہورہا ہے ۔ تاحال 7 افراد اس کا شکار ہوکر فوت ہوئے ہیں۔ کورونا سے متاثر افراد بلاک فنگس انفیکشن کا شکار ہوکر زندگیوں سے محروم ہورہے ہیں ۔ مرنے والے بیشتر افراد کی عمر 40 سال سے کم ہے ۔ ضلع نظام آباد کے شہر بودھن شکر نگر سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ راجیش حال ہی میں کورونا سے متاثر ہوا تھا ، بعد ازاں وہ بلاک فنگس انفیکشن سے دوچار ہوگیا ۔ گاندھی ہاسپٹل منتقلی کے بعد علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ نوی پیٹ منڈل کے رام پور پنچایت سے تعلق رکھنے والا 86 سالہ ہری بابو کورونا سے متاثر ہوکر گاندھی ہاسپٹل رجوع ہوا جہاں وہ بلاک فنگس سے متاثر ہونے کی نشاندہی ہوئی اور علاج کے دوران جانبر نہ ہوسکا ۔ ویلپور منڈل صاحب پیٹ کے 63 سالہ گنگا رام کو دس دن قبل بیمار ہوا تھا ، گاندھی ہاسپٹل منتقل کرنے پر بلاک فنگس سے کا شبہ چلا اور وہ علاج کے دوران پیر کی صبح فوت ہوگیا ۔ ضلع نلگنڈہ کے چٹیال منڈل سے تعلق رکھنے والا 56 سالہ زرعی مزدور گاندھی ہاسپٹل میں فوت ہوگیا ۔ پڑوسی ریاست آندھراپردیش ضلع کڑپہ سے تعلق رکھنے والا ومشی کورونا سے متاثر ہوکر شہر حیدرآباد کے کاچیوگوڑہ میں واقع ایک خانگی ہاسپٹل میں 6 دن قبل شریک ہوا تھا جس کی بھی موت واقع ہوگئی ۔ ڈاکٹرس نے بلاک فنگس انفیکشن کا شکار ہونے کی تصدیق کی ۔ ضلع پدا پلی ہیڈکوارٹر کی ایک خاتون میں بلاک فنگس کی علامتیں نظر آئی ۔ حیدرآباد میں علاج کے دوران اتوار کو فوت ہوگئی ۔ ضلع سرسلہ کے ویملواڑہ سے تعلق رکھنے والا 95 سالہ نوجوان کووڈ سے بالکل صحتیاب ہوگیا تھا ۔ حیدرآباد منتقل کرنے پر بلاک فنگس انفیکشن سے فوت ہوگیا ۔ اضلاع میں بھاری تعداد میں بلاک فنگس انفیکشن کے کیسس منظر عام پر آرہے ہیں۔ بلاک فنگس انفیکشن کے مریضوں کا علاج کرنے کیلئے کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل کو نوڈل مرکز میں تبدیل کیا گیا ہے ۔ گزشتہ دو دن میں اس ہاسپٹل میں 23 افراد شریک ہوئے ۔ ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے 200 بیڈس کے انتظامات کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہونے والے 14 افراد کو مہدی پٹنم کے سروجنی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ بلاک فنگس انفیکشن کیلئے استعمال ہونے والے انجکشن کی قیمت 8 ہزار ہے مگر اس کو 50 ہزار روپئے میں بلیک میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ نارتھ زون ٹاسک فورس کے پولیس عہدیداروں نے چار فارماسی ملازمین کو گرفتار کیا ہے۔