تلنگانہ میں بلڈوزر حکومت کی ضرورت: جی کشن ریڈی

   

کے سی آر کی خاندانی حکومت کا خاتمہ اولین ترجیح، بی جے پی ریاست صدر کے عہدہ کا جائزہ
حیدرآباد ۔21۔ جولائی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بلڈوزر حکومت کی ضرورت ہے جو کے سی آر حکومت کی بے قاعدگیوں کا خاتمہ کرے گی۔ بی جے پی کے ریاستی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آرکی خاندانی حکومت کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بلڈوزر حکومت کی ضرورت ہے۔ ملک میں ڈبل انجن اور بلڈوزر سرکاریں بہتر کام کر رہی ہیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کو اپنے اقتدار کے دنوں کی گنتی شروع کرنی چاہئے ۔ آپ کے خاندان کو فارم ہاؤز تک محدود کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نظام کی طرح حکمرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے نظام کی طرز پراپنے لئے پرگتی بھون تعمیر کیا ہے ۔ غریبوں کو مکانات کیلئے اراضی فراہم کرنے کا وعدہ پورا نہیں ہوا اور ڈبل بیڈروم مکانات کیلئے حکومت کے پاس فنڈس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین بی آر ایس اور بی جے پی کے ایک ہونے کا الزام عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ بی آر ایس پارٹی آفس کے لئے 10 ایکر اراضی کس نے دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی تائید سے بی آر ایس نے بدعنوانیوں کا ارتکاب کیا ہے ۔ کشن ریڈی نے واضح کردیا کہ بی جے پی تلنگانہ میں کسی بھی پارٹی سے مفاہمت نہیں کرے گی۔ کے سی آر خاندان کو اقتدار سے بیدخل کرنا ہمارا اہم ایجنڈہ ہے۔ بی جے پی کی قیادت میں تلنگانہ عوام جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کے ایک قدم پیچھے ہٹانے کا مطلب 10 قدم آگے بڑھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 1000 کے سی آر ، ایک لاکھ اویسی اور راہول گاندھی بھی مل کر 2024 ء میں نریندر مودی کی کامیابی کو روک نہیں پائیں گے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن کے نئے اتحاد میں وزیراعظم کون ہوگا ، اس کا کوئی پتہ نہیں ہے۔ اپوزیشن اتحاد برسر اقتدار آنے پر ہر تین ماہ میں وزیراعظم تبدیل ہوگا۔ کسی کو وزیراعظم کے عہدہ پر مستقل رہنے نہیں دیا جائے گا۔ اپوزیشن ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے ملک کو بہتر اور مستحکم قیادت فراہم کی ہے۔ر