تلنگانہ میں بلیک فنگس کی دہشت

   

ایک تحصیلدار اور 3 دوسرے افراد کی موت ، کوٹھی کے ہاسپٹل میں روزانہ 20 آپریشن
حیدرآباد :۔ کورونا کی دوسری لہر کے بعد ریاست میں بلیک فنگس کی دہشت جاری ہے ۔ بلیک فنگس انفیکشن سے ایک تحصیلدار کی موت ، دو ڈاکٹرس بھی متاثر ، کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل میں روزانہ 20 آپریشنس کئے جارہے ہیں ۔ اضلاع میں بھی بلیک فنگس کا علاج کرنے حکومت نے تیاریاں شروع کردی ۔ سوریہ پیٹ کے ہاسپٹل میں 5 بیڈس مختص کئے گئے۔ ریاست میں سینکڑوں افراد بلیک فنگس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد بلیک فنگس انفیکشن کا شکار ہورہے ہیں ۔ متاثرین میں شوگر کے مریضوں کی اکثریت ہے ۔ ریاست میں بلیک فنگس کے کیسوں میں اضافہ کے بعد کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل میں بیڈس کی تعداد بڑھا کر 250 کردی گئی ہے ۔ ریاست میں ضلع جگتیال کے میڈی پلی کے 54 سالہ تحصیلدار اے راجیشور کے علاوہ ریاست کے مختلف اضلاع میں بلیک فنگس سے تین افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ اضلاع میں بلیک فنگس کے کیسیس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے بلیک فنگس انفیکشن کا جائزہ لینے کا ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ کو مشورہ دیا ہے ۔ ہریش راؤ اس مسئلہ پر محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ میں ہے اور کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل اور گاندھی ہاسپٹل میں بلیک فنگس کے زیر علاج مریضوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کے خانگی ہاسپٹلس میں بھی بلیک فنگس کے آپریشن ہورہے ہیں لیکن انہیں ادویات کے لیے حکومت پر انحصار کرنا پڑرہا ہے ۔ ادویات کے لیے تقریبا 2 ہزار درخواستیں زیر التواء ہیں تاہم ابھی تک صرف 600 درخواستوں کی یکسوئی ہوئی ہے ۔ کوٹھی کو ای این ٹی ہاسپٹل کو عوامی منتخب نمائندوں کے بڑے کالس وصول ہورہے ہیں ۔ ہاسپٹل کے باہر ہمارے لوگ ہیں انہیں ہاسپٹل میں شریک کریں اور مناسب علاج کریں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ادویات کے لیے حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کو فون کالس وصول ہورہے ہیں ۔ گاندھی ہاسپٹل میں بھی پیر کو 5 آپریشن ہوئے اور 123 بلیک فنگس کے مریض زیر علاج ہیں ۔ اس طرح کوٹھی کے ای این ٹی ہاسپٹل سے 358 متاثرین شریک ہوئے ڈاکٹرس نے معائنہ کرنے کے بعد صرف 31 متاثرین کو شریک کرلیا ۔۔