فرنیچر کی تیاری میں مددگار، ونود کمار کا مہاراشٹرا کے اضلاع کا دورہ
حیدرآباد ۔9۔ مارچ (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے کہا کہ بمبو کی کاشت کیلئے تلنگانہ میں بہتر مواقع موجود ہیں اور اسے مختلف کاموں میں استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ تلنگانہ میں بمبو کی پیداوار میں اضافہ کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ ونود کمار نے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ مہاراشٹرا کے ضلع سندھ درگا کا دورہ کیا اور بمبو کی پیداواری مراکز کا معائنہ کیا۔ دو دن سے زائد تک مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے بمبو کی کاشت کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے تفصیلات حاصل کی۔ 2004 ء میں مرکزی حکومت نے نیشنل بمبو مشن قائم کرتے ہوئے کاشتکاروںکو مختلف رعایتوںکا اعلان کیا تھا۔ 2017 ء میں بمبو مشن کو مزید مستحکم کیا گیا۔ کسانوں نے بتایا کہ بمبو کی پیداوار کسی درخت کی طرح نہیں بلکہ ایک مخصوص انداز میں ہوتی ہے ۔ بار بار کٹوائی کے باوجود بمبو کی افزائش جاری رہتی ہے۔ کسانوں کو ہر سال بہتر منافع حاصل ہورہا ہے ۔ دیگر پیداوار کے مقابلہ بمبو سے کسانوں کو زائد آمدنی حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بمبو سے دروازے ، کھڑکیاں اور فرنیچرس تیار کیا جاسکتا ہے ۔ ونود کمار نے بمبو انڈسٹریز کے مختلف اداروںکا معائنہ کیا اور اشیاء کی تیاری کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت کے ذریعہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ ونودکمار کے ہمراہ ملکاجگیری پارلیمنٹ حلقہ کے ٹی آر ایس انچارج ایم راج شیکھر ریڈی ہارٹیکلچر کمشنر ایل وینکٹ رام ریڈی اور ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کے ڈائرکٹر اچھلیندر ریڈی آئی ایف ایس اور دیگر ماہرین موجود تھے۔