تلنگانہ میں بورڈ امتحانات کے انعقاد پر طلبہ اور سرپرستوںمیں اُلجھن

   

اسکول انتظامیہ باقاعدہ کلاسیس کے حق میں، چیف منسٹر کی جانب سے قطعی فیصلہ کا امکان

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کے پس منظر میں بورڈ امتحانات کے بارے میں طلبہ اور سرپرستوں میں اُلجھن پائی جاتی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کو بند کردیا ہے جبکہ انٹر میڈیٹ پریکٹیکل امتحانات منسوخ کردیئے گئے۔ ایسے میں مجوزہ بورڈ امتحانات کے بارے میں طلبہ و سرپرستوں ، ٹیچرس اور اسکول انتظامیہ میں تشویش پائی جاتی ہے۔ بورڈ امتحانات کو ملتوی کیا جائے گا یا پھر وہ مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد کئے جائیں گے اس بارے میں حکومت کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ طلبہ اور سرپرستوں کو اس بات کی فکر ہے کہ مقررہ شیڈول کے مطابق بورڈ امتحانات کے انعقاد کی صورت میں کلاسیس کے بغیر طلبہ کا مظاہرہ کیسے بہتر ہوگا۔ طلبہ نے صرف آن لائن کلاسیس میں حصہ لیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اسکولوں کے آغاز کے سلسلہ میں ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا اور کوروناکیسس کی تعداد کو دیکھتے ہوئے فوری طور پر کشادگی ممکن دکھائی نہیں دیتی۔ ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کے سری دیوا سینا نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے بورڈ امتحانات کے بارے میں فیصلہ ابھی باقی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر قطعی فیصلہ کریں گے۔ اسکول انتظامیہ اور ٹیچرس نے ریاستی حکومت سے نمائندگی کی ہے کہ تعلیمی اداروں کی کشادگی عمل میں لائی جائے تاکہ طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں مدد ملے۔ کلاسیس کے انعقاد کے بغیر امتحانات میں طلبہ کے بہتر مظاہرہ کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ جونیر لیکچررس اسوسی ایشن نے کہا کہ آن لائن تعلیم سے طلبہ کے معیار میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔