بی جے پی ریاستوں میں مسلم تحفظات ختم کرنے کا چیلنج، مسلمانوں کو پسماندگی کی بنیاد پر تحفظات، بی سی تحفظات کی راہ میں مودی اور کشن ریڈی رکاوٹ، رویندرا بھارتی میں چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انکشاف کیا کہ تلنگانہ میں بھی ووٹ چوری کے ذریعہ کانگریس کو شکست دینے کی سازش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام متحدہ طور پر اس سازش کو بے نقاب کریں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی آج رویندرا بھارتی میں سری سردار سروائے پاپنا گوڑ مہاراج کے 375 ویں یوم پیدائش تقاریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ قبل ازیں چیف منسٹر نے ٹینک بنڈ پر پاپنا گوڑ کے مجسمہ کی تنصیب کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ ، وی سری ہری ، پونم پربھاکر ، صدرنشین بی سی کمیشن جی نرنجن ، سابق رکن پارلیمنٹ مدھو یاشکی گوڑ اور ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف راہول گاندھی کی شروع کردہ مہم کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں ووٹ چوری کے ذریعہ کانگریس کو اقتدار سے روکنے کی سازش کی گئی۔ مہاراشٹرا میں الیکشن کمیشن نے چار ماہ میں ایک کروڑ ووٹوں کا اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کی پیدائشی سرزمین کو ووٹ چوری کے ذریعہ ناپاک کیا گیا ہے۔ ووٹ چوری کے ذریعہ مہاراشٹرا میں بی جے پی برسر اقتدار آئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر گوشہ میں عوام ووٹ چوری کے خلاف باشعور ہوچکے ہیں۔ بہار میں 65 لاکھ ناموں کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کردیا گیا ۔ زندہ لوگوں کو الیکشن کمیشن نے مردہ قرار دیا ہے۔ راہول گاندھی نے اس سازش کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ووٹ چوری کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا لیکن الیکشن کمیشن ان سے حلفنامہ طلب کر رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا موقف انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔ راہول گاندھی نے ووٹ چوری کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے بہار میں یاترا کا آغاز کیا ہے ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ عنقریب ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ بہار میں راہول گاندھی کی یاترا میں حصہ لیتے ہوئے اظہار یگانگت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف بہار میں نہیں بلکہ تلنگانہ میں بھی ووٹ چوری کی سازش کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راہول گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران سماجی انصاف کا جو وعدہ کیا تھا، اس کی تکمیل کرتے ہوئے تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا۔ریونت ریڈی نے کہا کہ گاندھی خاندان جب کسی کو زبان دیتا ہے تو وہ پتھر کی لکیر بن جاتا ہے ۔ راہول گاندھی کے وعدہ کے مطابق تلنگانہ نے سب سے پہلے طبقاتی سروے کا اہتمام کیا اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے انتہائی شفافیت اور سائنٹفک انداز میں کیا گیا ہے جس پر شبہ کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔ طبقاتی سروے کے ذریعہ پسماندہ طبقات کی آبادی 56.33 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ تعلیم ، روزگار کے علاوہ سیاست میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے حق میں 2 بلز منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کئے گئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق کے سی آر حکومت کی جانب سے کی گئی قانون سازی پسماندہ طبقات کے لئے مصیبت بن چکی ہے۔ کانگریس حکومت نے پنچایت راج قانون میں ترمیم کرتے ہوئے آرڈیننس تیار کیا جسے گورنر کے پاس روانہ کیا گیا۔ گورنر نے آرڈیننس کو صدر جمہوریہ کے پاس روانہ کردیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پانچ ماہ گزرنے کے باوجود مرکز نے بلز کو منظوری نہیں دی جس پر نئی دہلی میں دھرنا منظم کیا گیا ۔ انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس کی دھرنے میں عدم شمولیت پر تنقید کی اور کہا کہ پسماندہ طبقات سے جھوٹی ہمدردی کرنے والی دونوں پارٹیاں دھرنے میں شامل نہیں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی اور کشن ریڈی بی سی تحفظات کی راہ میں رکاوٹ بن چکے ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ تحفظات مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ پسماندگی کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں ۔ بی جے پی مسلم تحفظات کا بہانہ بناکر 42 فیصد تحفظات کو روکنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاراشٹرا ، گجرات اور اترپردیش میں گزشتہ 56 برسوں سے پسماندہ مسلمانوں کو تحفظات حاصل ہیں۔ مسلمانوں سے نفرت کے جذبہ کے تحت بی جے پی تحفظات کو روک رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر راہول گاندھی سے ناراضگی ہے تو ان کے نظریات پر حملہ نہ کریں۔ راہول گاندھی کی پالیسی پر عمل کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے بی جے پی کو چیلنج کیا کہ تلنگانہ میں تحفظات کی مخالفت کرنے سے قبل مہاراشٹرا ، گجرات اور اترپردیش میں مسلم تحفظات کو ختم کر کے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی تعلیمی اور معاشی ترقی کے لئے حکومت نے تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ دستور میں جو حقوق فراہم کئے گئے ہیں، انہیں مستحق خاندانوں تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس قائد سونیا گاندھی نے ملک کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں۔ 2004 میں کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد انہیں وزیراعظم کے عہدہ کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے یہ عہدہ قبول نہیں کیا بلکہ ماہر معاشیات ڈاکٹر منموہن سنگھ کو اس عہدہ پر فائز کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے اپنے خطاب میں کہا کہ تلنگانہ ملک کے لئے رول ماڈل بن چکی ہے، جہاں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے کانگریس نے طبقاتی سروے کی بنیاد پر تحفظات کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ 1