سیوا مراکز میں ٹی وائیلٹ کے ذریعہ رقم کی منہائی کی سہولت
حیدرآباد۔7جنوری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں بہت جلد می۔سیوا مراکز ایٹی ایم میں تبدیل ہوجائیں گے ۔جی ہاں ریاستی حکومت نے پائلٹ پراجکٹ کے طور پر نظام آباد‘ کریم نگر‘نلگنڈہ ‘ محبوب نگر اور کھمم میں ٹی ۔وائیلیٹ کے ذریعہ رقومات کی منہائی کے لئے می ۔سیوا مراکز کا استعمال کرتے ہوئے ریزرو بینک آف انڈیا سے اس بات کی اجازت طلب کی تھی کہ وہ ریاستی حکومت کی جانب سے می۔سیوا مراکز کے ذریعہ رقم کی منہائی کی سہولت کی اجازت فراہم کی جائے اور موجودہ پائلٹ پراجکٹ کی معیاد میں توسیع کی جائے جس پر ریزرو بینک آف انڈیا نے موجودہ منہائی کو ڈسمبر 2020 تک کی توسیع فراہم کرتے ہوئے ریاست کے تمام می۔سیوا مراکز سے رقم کی منہائی کی سہولت فراہم کرنے کو منظوری دے دی ہے۔ ریاستی محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ اب جبکہ ریاستی حکومت کو ریزرو بینک آف انڈیا کی اجازت حاصل ہوچکی ہے تو ایسی صورت میں ریاست میں خدمات انجام دینے والے جملہ 4264 می۔سیوامراکز میں یہ خدمات شروع کردی جائیں گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں ابھی تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے لیکن کہا جا رہاہے ک جاریہ ماہ کے اواخر تک محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے اس سلسلہ میں مکمل رپورٹ حکومت کو روانہ کرتے ہوئے ان خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں نافذ انتخابی ضابطہ اخلاق کے بعد ہی ریزرو بینک سے اس سلسلہ میں اجازت موصول ہوئی ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے آئندہ دو یا تین ہفتہ کے دوران ریاست بھر کے می۔سیوا مراکز سے رقومات کی منہائی کے عمل کو شروع کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی سے گریز کیا جا رہاہے اور کہا جار ہاہے کہ انتخابات کے اختتام کے فوری بعد ریاستی حکومت کی جانب سے ریزرو بینک کی جانب سے فراہم کی گئی اجازت کے مطابق فوری اثر کے ساتھ 4264 می۔سیوا مراکز پر رقم کی منہائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے عہدیداروں نے بتایا کہ می۔سیوا مراکز سے رقم منہاء کرنے کی حد کے سلسلہ میں بینک کھاتوں میں فراہم کردہ حد کو ہی برقرار رکھا جائے گا یا اس میں تبدیلی لائی جائے گیاس سلسلہ میں فیصلہ کا اختیار ریاستی حکومت کو رہے گا اور ریاستی حکومت بینک کاری قوانین کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کرے گی کہ وہ بینکوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی حد کو برقرار رکھے گی یا اس میں اضافہ یا کمی جائے گی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں بلدی انتخابات کے خاتمہ کے بعد ہی می۔سیوا مراکز میں ان خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں باضابطہ احکامات کی اجرائی ممکن ہے۔ کرنسی تنسیخ اور اے ٹی ایم مراکز میں نقد نہ ہونے کی صورت میں ریاستی حکومت کے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے یہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹی وائیلیٹ کے استعمال کے ذریعہ می ۔سیوا سے نقد منہاء کرنے کی سہولت کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا اور اسی کے بعد ریاست کے 5اضلاع میں حکومت کی جانب سے تجرباتی اساس پر یہ خدمات شروع کی گئی تھیں جنہیں ریزرو بینک آف انڈیا نے ڈسمبر 2020تک توسیع فراہم کردی ہے۔