روزگار فراہم کرنے کا وعدہ فراموش ، اتم کمار ریڈی کا الزام
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز)صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بیروزگاری کا مسئلہ سنگین نوعیت اختیار کرچکا ہے۔ سوشیل میڈیا پر آج حضور نگر کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں خطاب کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ انتخابات کے وقت ہر گھر کو ایک ملازمت دینے کا کے سی آر نے وعدہ کیا تھا لیکن ایک گاؤں کو ایک ملازمت بھی نہیں ملی ہے۔ حکومت بیروزگاری کے مسئلہ سے نمٹنے میں ناکام ہوگئی۔ تلنگانہ تحریک کے دوران نوجوانوں کو تیقن دیا گیا تھا کہ نئی ریاست کے قیام سے انہیں روزگار حاصل ہوگا۔ اسی امید میں طلباء اور نوجوانوں نے تحریک میں شدت پیدا کی تھی لیکن اقتدار ملتے ہی کے سی آر اپنے وعدے بھول گئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے وقت بیروزگار نوجوانوں کی تعداد 12 لاکھ تھی جو اب بڑھ کر 24 لاکھ ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حضور نگر میں واقع سمنٹ اور دیگر کمپنیوں میں مقامی افراد کو روزگار فراہم کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی فنڈ سے حضور نگر میں قومی سطح کا ٹریننگ ایمپلائمنٹ سنٹر قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ریاستی حکومت سے امید نہیں رکھتے تاہم مرکز سے فنڈز حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ نوجوانوں کو کھیل کود کی طرف راغب کرنے کیلئے عصری اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی سے حضور نگر کی ترقی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے۔ گزشتہ 15 برسوں سے کانگریس نے حضور نگر کو ترقی دی جبکہ ٹی آر ایس حکومت نے فنڈز کی اجرائی کو روک دیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقہ کے بہتر مستقبل کیلئے کانگریس کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔