کابینہ میں توسیع پر ہائی کمان کا قطعی فیصلہ، نئی دہلی میں مہیش کمار گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے واضح کیا کہ وہ تلنگانہ کابینہ میں شامل نہیں ہوں گے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کانگریس ہائی کمان کرے گا۔ مہیش کمار گوڑ نئی دہلی میں کانگریس کی جانب سے منعقدہ ووٹ چوری مخالف مہادھرنے میں شرکت کے لئے پہنچے ہیں۔ انہوں نے کا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت دستوری اور جمہوری اداروں کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بی جے پی کی محاذی تنظیم میں تبدیل کردیا گیا۔ ووٹ چوری میں الیکشن کمیشن کا مکمل تعاون حاصل ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب شے اپوزیشن کے اعتراضات کا کوئی جواب نہیں دیا جارہا ہے۔ کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کے بارے میں پوچھے جانے پر مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اس بارے میں قطعی فیصلہ ہائی کمان کرے گا۔ ضلع کانگریس صدور کے عہدوں پر پسماندہ طبقات کو ترجیح دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت سے مطمئن ہیں لہذا کابینہ میں شمولیت کا کوئی امکان نہیں۔ فیوچر سٹی کے قیام اور ریاست کی ترقی کے سلسلہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی مساعی کی ستائش کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حیدرآباد کو ہر شعبہ میں عالمی سطح پر ترقی یافتہ شہر میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں حیدرآباد کا مقابلہ کوئی بھی دوسرا شہر نہیں کر پائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ 2028 میں کانگریس پارٹی کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوگا۔ بی آر ایس کے تلنگانہ میں برسر اقتدار آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور ریاست میں بی آر ایس کا صفایا ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کے ذریعہ بی آر ایس اور اس کے قائدین حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی آئندہ کبھی بھی اقتدار میں نہیں آسکتی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کو چلانے کی صلاحیت کے ٹی آر میں ن ہیں ہے اور کے سی آر کو عوام کی جو تائید حاصل تھی وہ کے ٹی آر کے ساتھ نہیں۔ تلنگانہ جاگروتی کی صدر کویتا کی جانب سے چیف منسٹر بننے کی پیش قیاسی کا جواب دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ہر کسی کو خواہش رکھنے کا اختیار ضرور ہے لیکن توقع سے زیادہ کی امید کرنا فضول ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل بی آر ایس کا ہے تو پھر کویتا پارٹی سے باہر کیوں آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دن بہ دن کمزور ہو رہی ہے۔ پارٹی کا کیڈر ختم ہو جارہا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں کے سی آر کو شکست کا یقین تھا لہذا انہوں نے انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں غریبوں کو 10 کیلو چاول کے علاوہ کوئی بھی فلاحی اسکیم شروع نہیں کی گئی۔ 1
