فارم ہاؤز میں پارٹی کارکنوں سے بی آر ایس سربراہ کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس پارٹی تنہا مقابلہ کرتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس حکومت تمام محاذوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ کوئی بھی وعدے کو پورا نہیں کیا ہے جس سے حکومت کے خلاف عوام میں ناراضگی پائی جاتی ہے۔ سابق رکن اسمبلی کے چندر گوداوری پانی کیلئے پدیاترا کرتے ہوئے کے سی آر کے فارم ہاؤز کو پہنچے۔ اس موقع پر بی آر ایس کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ ریاست کے عوام کانگریس کے جھوٹے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے دھوکہ کھا گئے ہیں۔ وعدوں کو پورا کرنے کے بجائے کانگریس حکومت سرکاری خزانہ خالی ہونے بی آر ایس حکومت پر ریاست کو مقروض کردینے کا بہانہ کرتے ہوئے ذمہ داریوں سے بھاگنے کی کوشش کررہی ہے مگر بی آر ایس پارٹی حکومت کا پیچھا کرتے رہے گی۔ ایوانوں اور سڑکوں پر وعدوں کے بارے میں حکومت پر دباؤ ڈالتے رہے گی۔ کے سی آر نے تنہا مقابلہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مستقبل میں بی جے پی سے اتحاد کرنے کے افواہوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ آندھراپردیش میں تلگودیشم بی جے پی اور جنا سینا کا اتحاد نہیں ہوتا تو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کامیاب ہوجاتی تھی۔ اتحاد کی وجہ سے چندرا بابو نائیڈو چیف منسٹر بن پائے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ جہاں گڑھ ہوتا ہے وہاں مکھیاں ہوتی ہیں۔ چند لوگ تلنگانہ کو لوٹنے کی سازش کررہے ہیں۔ 2
بی آر ایس کے دورحکومت میں تلنگانہ کو کوئی مسائل نہیں تھے۔ کانگریس کے دورحکومت میں تلنگانہ مسائل کے بھنور میں پھنس چکا ہے۔ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کرنے والی بی آر ایس واحد جماعت ہے۔ تلنگانہ کے حقوق کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنے کا پارٹی کیڈر کو مشورہ دیا۔ کانگریس نے انتخابی منشور کے ذریعہ ریاست کے عوام کو ہتھیلی میں جنت دکھائی مگر ابھی تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ ریتو بندھو، شادی مبارک، کلیانہ لکشمی اسکیمات پر بی آر ایس نے صدفیصد عمل کیا۔2