تلنگانہ میں بی آر ایس تیسری مرتبہ تاریخی کامیابی درج کرے گی

   

حکومت کی کارکردگی اور پارٹی کے انتخابی منشور کو گھر گھر پہونچانے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 23 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و وزیر کے ٹی آر اور بی آر ایس کے ٹربول شوٹر و وزیر ٹی ہریش راؤ نے بی آر ایس کے اسمبلی حلقوں کے انچارج کا ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں بی آر ایس کی تاریخی کامیابی کے لیے بریگیڈرس کی طرح کام کرنے کی ہدایت دی ۔ اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کا منھ توڑ جواب دینے کے ساتھ بی آر ایس حکومت کی 9 سالہ کارکردگی ترقی اور فلاح و بہبود اور پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہونچانے پر زور دیا ۔ دونوں قائدین نے سوشیل میڈیا وارئیرس کو مشورہ دیا کہ وہ سوشیل میڈیا پر چوکنا رہیں اور انہیں استعمال کی جانے والی حکمت عملی سے بھی واقف کرایا اور کہا کہ اپوزیشن جماعتیں کتنی بھی سازشیں کرلیں عوام بی آر ایس کے ساتھ رہیں گے ۔ عوام کو گمراہ کرنے کے لیے کانگریس اور بی جے پی فرضی نیوز اور سروے پیش کررہے ہیں ۔ اس کا فوری طور پر جواب دیں ۔ بی آر ایس حکومت کی 9 سالہ کارکردگی اور اپوزیشن کی دھوکہ دہی کو عوام کے سامنے آشکار کریں ۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق انتخابی مہم چلانے اور پارٹی کے تمام سینئیر و جونیر قائدین کے ساتھ تال میل کرنے کی اسمبلی حلقہ انچارجس کو ذمہ داری دی گئی ہے ۔ ہر اسمبلی حلقہ میں وار روم قائم کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی انچارج ، سوشیل میڈیا وارئیررس روزانہ اسمبلی حلقوں کے تازہ صورتحال امیدواروں کی انتخابی مہم کے شیڈول ، انتخابی تشہیر پر خصوصی توجہ دیں ۔ ریاست بھر میں 35 ہزار پولنگ بوتھس ہیں ۔ یوتھ سطح کی صورتحال کا روزانہ جائزہ لیں ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹرس سے جو بھی ہدایت وصول ہورہی ہے اس کو سیکنڈس میں بوتھ سطح تک پہونچانے کا میکانزم تیار کریں ۔ ریاست کے 12,769 گرام پنچایتوں 3700 میونسپلٹیز کے وارڈس میں پارٹی کے تربیت یافتہ کارکن ہیں ان کی خدمات سے بھر پور استفادہ کریں ۔ فرقہ پرستی پھیلانے والوں سے چوکس رہے ۔ تمام سروے بی آر ایس کے حق میں ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت کے ساتھ تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دے گی ۔ ملک کے تمام ریاستوں میں سب سے زیادہ ترقیاتی کام اور فلاحی اسکیمات پر تلنگانہ میں عمل آوری ہوئی ہے ۔ اس کی عوام میں تشہیر کریں اور اپوزیشن کے جھوٹے پروپگنڈہ کا جواب دیں ۔۔ ن