تلنگانہ میں بی آر ایس کا صفایا، امیدواروں کی ضمانت نہیں بچے گی

   

تحفظات اور دستور کو بچانا کانگریس کی ذمہ داری، نرسا پور میں جلسہ عام سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پیش قیاسی کی ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس امیدواروں کی ضمانت بھی نہیں بچے گی ۔ نرسا پور میں کانگریس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا صفایا ہوچکا ہے اور کے سی آر بس یاترا کے ذریعہ دوبارہ عوامی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بس یاترا دراصل عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔ گزشتہ 10 برسوں کی حکمرانی میں عوام کو نظر انداز کرنے والے کے سی آر آج عوام کے درمیان دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی کار اب دوبارہ سڑک پر نہیں آئے گی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بس یاترا شروع کردی ہے۔ بی جے پی پر مذہبی منافرت کی سیاست اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ الیکشن آتے ہی بی جے پی کو رام اور ہنومان جینتی یاد آجاتی ہے ۔ ووٹ حاصل کرنے کیلئے مذہب کا استعمال افسوسناک ہے۔ حقیقت میں عقیدت دل میں ہونی چاہئے جبکہ بھگوان کا مقام مندر میں ہے۔ ایک فقیر کی طرح بی جے پی قائدین رام اور ہنومان کے نام پر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں کمزور طبقات کے تحفظات ختم کرنا چاہتی ہے اور کانگریس پارٹی دستور اور تحفظات کو بچانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے کشمیر سے کنیا کماری تک نفرت کے خاتمہ کیلئے بھارت جوڑو یاترا کی ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں میدک غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے ۔ 1980 ء میں اندرا گاندھی کو میدک کے عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا تھا ۔ اندرا گاندھی کے دور میں میدک میں کئی صنعتیں قائم کئی گئیں جس سے ہزاروں افراد کو روزگار حاصل ہوا۔ گزشتہ 10 برسوں سے یہ علاقہ بی آر ایس اور بی جے پی کے ہاتھ میں ہے اور پسماندگی کا شکار ہے۔ کانگریس نے کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والی نیلم مدھو کو امیدوار بنایا ہے ۔ بی جے پی نے دوباک سے شکست خوردہ رگھونندن راؤ کو میدان میں اتارا ہے جنہوں نے مرکز سے تلنگانہ کیلئے فنڈس کے حصول کی کوئی کوشش نہیں کی۔ ملنا ساگر کے نام پر کسانوں کی اراضیات چھیننے والے وینکٹ رام ریڈی بی آر ایس کے امیدوار ہیں۔ ایم ایل سی کے عہدہ پر برقراری کے باوجود وہ لوک سبھا کیلئے مقابلہ کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس کو کامیاب بنائیں تاکہ مرکز میں کانگریس زیر قیادت انڈیا الائنس کی حکومت تشکیل پائے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں راہول گاندھی کا وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونا طئے ہے۔ 1