ریاستی عوام مذہبی منافرت پر منقسم نہیں ہوتے : وزیر کے ایشور
حیدرآباد : وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے کا بی جے پی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ انہوں نے بی جے پی قائدین پر اشتعال انگیزی کرکے پُرامن ماحول کو مکدر کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کچھ کامیابی کے بعد بی جے پی 2023 کے انتخابات میں تلنگانہ پر قبضہ کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے جو کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ٹی آر ایس نے کئی تاریخی کامیابیاں درج کی ہیں۔ تلنگانہ کے عوام مذہبی جذبات کے استحصال کا شکار نہیں ہوتے۔ طویل عرصہ تک جدوجہد کرکے حاصل کردہ علحدہ ریاست کی ہر شہری ترقی چاہتا ہے اور یہ سب کے سی آر کی قیادت میں ممکن ہے۔ ریاست کے عوام فرقہ پرستی کا زہر پھیلانے والی بی جے پی پی کے ہاتھ میں تلنگانہ دینے تیار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے حیدرآباد میں سیلاب پر ایک روپے کی مدد نہیں کی جبکہ سیلاب سے متاثربنگلور کیلئے 500 کروڑ اور احمد آباد کیلئے 600 کروڑ کی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا حیدرآباد ملک کا حصہ نہیں ہے۔ انہوںنے ہلدی بورڈ کے قیام کے معاملہ میں وضاحت کرنے کا بی جے پی ایم پی ڈی اروند کو مشورہ دیا ہے اور کہا کہ نظام آباد سے کامیابی پر اندرون 15 یوم ہلدی بورڈ قائم کرنے کا کسانوں سے وعدہ کیا تھا لیکن آج تک وعدیکو پورا نہیں کیاگیا۔
