کے سی آر کو رویہ میں تبدیلی کا مشورہ، سابق رکن راجیہ سبھا ہنمنت راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے دھمکی دی ہے کہ اگر پولیس کی تحویل میں موجود ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو واپس نہیں کیا گیا تو وہ بھوک ہڑتال کا آغاز کریں گے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن پولیس نے مجسمہ کو تحویل میں لے لیا اور اسے واپس کرنے سے انکار کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور ٹی آر ایس کے پاس ڈاکٹر امبیڈکر کا کوئی احترام نہیں ہے۔ بلدی انتخابات کے نتائج پر تبصرہ کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ عوام نے کسی بھی پارٹی کے انتخابی منشور پر بھروسہ نہیں کیا۔ ٹی آر ایس ، بی جے پی اور کانگریس تینوں نے انتخابی منشور جاری کیا تھا لیکن جس انداز میں انتخابی مہم کو مذہبی رنگ دیا گیا اس کے نتیجہ میں عوام ترقی پر مبنی کانگریس کے منشور پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کا یہ الیکشن ان کی سیاسی زندگی کا ایک چونکا دینے والا الیکشن تھا۔ انہوں نے موجودہ حالات میں سیکولر طاقتوں کو متحد ہونے کا مشورہ دیا اور کہا کہ تلنگانہ میں فرقہ پرست طاقتوں کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سیکولر طاقتوں کو متحد ہونا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اپنے رویہ اور انداز کارکردگی میں تبدیلی لانا ہوگا۔ کے سی آر نے تلنگانہ تشکیل دینے والی کانگریس پارٹی کو اپنا حقیقی دشمن تصور کرتے ہوئے اسے کمزور کرنے کی کوشش کی جس کا فائدہ بی جے پی نے اٹھایا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مرکز میں ٹی آر ایس نے نریندر مودی حکومت کے ہر فیصلہ کی تائید کی تھی لیکن گریٹر نتائج کے بعد کسانوں کے بھارت بند کی تائید کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ کسانوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی سے نمٹنے کیلئے کے سی آر کو سیکولر جماعتوں کے ساتھ ملکر کام کرنا چاہیئے۔