تلنگانہ میں بی جے پی کاموقف امیت شاہ کو لکشمن رپورٹ پیش کریں گے

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد 12 جون ( یو این آئی) تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن ریاست میں پارٹی کے موقف پر اپنی رپورٹ جمعرات اور جمعہ کو قومی دارالحکومت نئی دہلی میں صدر بی جے پی و وزیرداخلہ امیت شاہ کو پیش کریں گے ۔دہلی میں دو دنوں کے دوران تمام ریاستوں کے بی جے پی صدور شرکت کریں گے ۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے لکشمن نے کہا کہ مسٹر شاہ دو روزہ اجلاس طلب کریں گے تاکہ 2023 کے عام انتخابات کے ایکشن پلان کو تیار کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ اس اجلاس میں متعلقہ ریاستوں بالخصوص تلنگانہ میں پارٹی کو مستحکم کرنے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔یہ دعوی کرتے ہوئے کہ تلگودیشم پارٹی کا ریاست سے خاتمہ ہوچکا ہے اور کانگریس ایک ڈوبتا جہاز ہے ، انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے لوک سبھاکی چار نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے ووٹ کافیصد 20ہوگیا ہے۔پارٹی نے عام انتخابات میں 21نشستوں پر بہتر مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ بہ حیثیت مجموعی پیشرفت اور پارٹی کے مستقبل کے بارے میں رپورٹ پیش کریں گے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ بی جے پی کا تلنگانہ اور کرناٹک میں تابناک مستقبل ہے ۔