تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوگا

   

۔2 ارکان پارلیمنٹ سے مرکز پر قبضہ کیا تھا ، سابق گورنر ودیا ساگر راؤ
حیدرآباد : بی جے پی لیڈر و سابق گورنر ودیا ساگر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار کی پیش قیاسی کی اور کہا کہ کوئی طاقت بی جے پی کو روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ حکمران ٹی آر ایس عوامی اعتماد سے محروم ہورہی ہے ۔ ریاست میں کانگریس کا وجود نہیں ہے ۔ اصل مقابلہ ٹی آر ایس و بی جے پی کے درمیان ہے ۔ ریاست میں بی جے پی ٹی آر ایس کی متبادل بن کر ابھررہی ہے ۔ دوباک اور جی ایچ ایم سی نتائج اس کا ثبوت ہیں ۔ ریاست میں جتنے بھی انتخابات ہوں گے بی جے پی کامیابی حاصل کریگی ۔ تلنگانہ میں بی جے پی پر عوامی اعتماد بڑھتا جارہا ہے ۔ مختلف جماعتوں کے قائدین بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں یا رابطہ بنائے ہوئے ہیں ۔ سابق گورنر نے کہا کہ بی جے پی کی مدد و تعاون سے ہی علحدہ تلنگانہ تشکیل پایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بی جے پی کے صرف دو ایم پیز تھے ۔ لیکن آج مرکزی حکومت پر قبضہ ہے اور نصف سے زائد ریاستوں پر بی جے پی راج کررہی ہے ۔ ریاست میں فی الحال بی جے پی کے دو ارکان اسمبلی ہیں ۔ مستقبل میں تلنگانہ میں بی جے پی کی حکمرانی ہوگی وہ بی جے پی کے وفادار سپاہی ہیں ۔ انہوں نے تلنگانہ بی جے پی صدر بنڈی سنجے کی ستائش کی اور کہا کہ وہ توقع سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ان کی جدوجہد سے بی جے پی کو ریاست میں اقتدار حاصل ہوگا ۔