تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل، وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور کا ردعمل
حیدرآباد۔24۔اپریل (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ پر فرقہ وارانہ سیاست کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کو عوام قبول نہیں کریں گے۔ امیت شاہ کے دورہ حیدرآباد اور چیوڑلہ میں جلسہ عام سے خطاب پر تبصرہ میں کے ایشور نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلنگانہ عوام امیت شاہ کی باتوں پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر عوامی رہنما ہیں اور بی جے پی نے عوام سے وعدوں کی تکمیل نہیں کی۔ چیف منسٹر کے سی آر سماج کے تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کر رہے ہیں۔ انتخابات سے عین قبل بی جے پی قائدین عوام سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں اور ناقابل عمل وعدے کئے جارہے ہیں۔ کے ایشور نے کہا کہ عوامی تائید سے برسر اقتدار آنے والی پارٹی بی آر ایس کو شکست دینا بی جے پی کے بس میں نہیں ۔ ترقیاتی اور فلاحی اقدامات میں تلنگانہ ملک کیلئے رول ماڈل ہے۔ دلتوں و کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے تلنگانہ میں نافذ اسکیمات کی مثال بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں پیش نہیں کی جاسکتی۔ بی آر ایس کو ملک کی دیگر ریاستوں میں عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ بی جے پی الزام تراشی کے ذریعہ بی آر ایس کے امیج کو متاثر کرنا چاہتی ہے۔ امیت شاہ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری سے واقف نہیں ہیں۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ فرقہ وارانہ منافرت پھیلانے کی کوششیں ترک کردیں۔ بی جے پی قائدین کو چاہئے کہ مرکز سے تلنگانہ عوام کی بھلائی کیلئے فنڈس حاصل کرنے کی مساعی کریں۔ر