تلنگانہ میں تاحال حج 2022 کیلئے 2711 درخواستوں کا ادخال

   

محفوظ زمرہ کی 92 درخواستیں، آن لائن ادخال کی 31 جنوری آخری تاریخ
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) حج 2022 کے لئے تلنگانہ میں جملہ 2711 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جن میں 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کی 92 درخواستیں شامل ہیں۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے درخواستوں کی آن لائن ادخال کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر کی ہے اور ملک بھر میں درخواستوں کے ادخال کی رفتار انتہائی سست ہے۔ توقع ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کرے گی تاکہ ملک بھر سے مزید درخواستیں داخل کی جاسکیں۔ حج 2022 کے انعقاد پر ابھی بھی تعطل برقرار ہے کیونکہ سعودی عرب اور ہندوستانی حکومت کے درمیان حج معاہدہ طے نہیں ہوا ہے۔ معاہدہ کی تکمیل کے بعد ہی حج کے انعقاد کی صورتحال واضح ہوگی۔ ہندوستانی عازمین گزشتہ 2 برسوں سے ادائیگی حج سے محروم ہیں۔ کورونا وباء کے پیش نظر سعودی حکومت نے دیگر ممالک کے ساتھ ہندوستانی عازمین کو اجازت نہیں دی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کو 2020 میں 12 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں لیکن لمحہ آخر میں حج منسوخ کردیا گیا۔ 2021 میں تقریباً 6 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں لیکن ہندوستانی عازمین فریضہ حج کی سعادت سے محروم رہے۔ اگر جاریہ سال کورونا کیسیس میں کمی واقع نہیں ہوئی تو اندیشہ ہے کہ اس مرتبہ بھی ہندوستانی عازمین حج کی روانگی خطرہ میں پڑ سکتی ہے۔ مرکزی حج کمیٹی نے جاریہ سال 70 سال سے زائد عمر کا محفوظ زمرہ بحال کردیا ہے لیکن غیر یقینی حالات کے نتیجہ میں ملک بھر سے درخواستوں کی ادخال کی تعداد مایوس کن ہے۔ تلنگانہ میں بغیر محرم حج کی ادائیگی کے زمرہ سے ایک بھی درخواست داخل نہیں ہوئی۔ ر