تلنگانہ میں ترقی کے نام پر مذہبی مقامات کو مسمار کرنے کا نیا سلسلہ !

   

اضلاع کے بعد شہر میں درگاہ اور اس کی موقوفہ اراضی کے حصول کے لیے اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔25۔مارچ(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے درگاہوں کی منتقلی ‘ قبرستانوں کی کی مسماری اور عاشور خانوں کی شہادت کا نیا سلسلہ شروع کیاگیا ہے اور تلنگانہ کے کئی اضلاع میں اس طرح کی کاروائیوں کے بعد اب شہر حیدرآباد میں درگاہ اور اس کے تحت موجود موقوفہ اراضی کو قانون حق حصول اراضی کے تحت حاصل کرنے کا اعلامیہ جاری کیاگیا ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے حلقہ انتخاب کوڑنگل میں سڑک کی توسیع کے لئے تین قبرستانوں کی مسماری ‘ چلہ اور عاشور خانہ کی شہادت ‘ گورنمنٹ وہپ اے سرینواس کے حلقہ انتخاب ویملواڑہ میںراجہ راجیشور مندر کی توسیع و ترقیاتی کاموں کے لئے درگاہ حضرت سید تاج الدین باگ سوارؒ کی شہادت اور منتقلی کے بعد اب ریاستی حکومت نے شہر حیدرآباد میںموسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے لئے جن جائیدادوں کے حصول کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے ان میں مدھو رج پارک اپارٹمنٹ کے ساتھ ٹیپوخان برج سن سٹی سے متصل درگاہ حضرت سید ملنگ شاہ ولیؒ اور اس سے متصل موقوفہ جائیداد بھی شامل ہے۔ رود موسیٰ کی صفائی اور سن سٹی کے قریب طویل القامت گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کی تیاریوں کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے تحت کی جانے والی کاروائیوں میں ریاستی حکومت نے ’’مدھو رج پارک‘‘ اپارٹمنٹ کے مکینوں کو منتقل کرتے ہوئے اس جائیداد کو حاصل کرنے کااعلان کیا تھا اور اس کے خلاف احتجاج جاری ہے لیکن اب جو اعلامیہ جاری کیاگیا ہے اس میں جن جائیدادوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں مدھو رج پارک اپارٹمنٹ کے علاوہ درگاہ حضرت سید شاہ ملنگ ولی ؒ کی درگاہ اور اس کے تحت موجود موقوفہ جائیداد کو حاصل کرنے کا بھی اعلان کیاگیا ہے۔ گذشتہ یوم جاری کئے گئے اعلامیہ میں ضلع کلکٹر رنگاریڈی نے جاری کیا ہے ۔ اعلامیہ میں جہاں مدھو رج پارک اپارٹمنٹ کی6ایکڑ سے زائد اراضی کے حصول کی نشاندہی کی گئی ہے اسی اعلامیہ میں درگاہ حضرت سید ملنگ شاہ ولی ؒ 18 گنٹے اور 3 ایکڑ 22گنٹے اسی درگاہ کے تحت موجود موقوفہ اراضی کو بھی حاصل کرنے کے سلسلہ میں اندراج موجود ہے اس کے علاوہ اس اراضی کو محکمہ سیاحت اور وقف بورڈ کے درمیان متنازعہ اراضی قرار دیا گیا ہے۔ کوڑنگل میں سڑک کی توسیع کے لئے قبرستانوں کی مسماری اور عاشور خانہ وچلہ کی شہادت ‘ ویملواڑہ میں راجہ راجیشور مندر کی توسیع و ترقی کے پراجکٹ کے لئے درگاہ حضرت سید تاج الدین باگ سوارؒ کی شہادت و منتقلی کے بعد اب گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب اور موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے کے پراجکٹ کے نام پر درگاہ حضرت سید ملنگ شاہ ولیؒ کی شہادت و منتقلی کی تیاریاں کی جانے لگی ہیں ۔3