ایل رمنا ٹی آر ایس سے رابطہ میں ‘ کونسل نشست کی پیشکش
وزیر پنچایت راج دیا کر راؤ کی تلگودیشم ریاستی صدر کو ترغیب
حیدرآباد ۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو ایک اور دھکا لگنے والا ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے صدر ایل رمنا کو ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔ انہیں ایم ایل سی بنانے کا بھی پیشکش کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ای دیا کر راؤ نے ایل رمنا سے تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایٹالہ راجندر کی جانب سے اسمبلی اور ٹی آر ایس کی رکنیت سے استعفی دینے کا اعلان کرنے کے بعد متحدہ ضلع کریم نگر ایک اور بی سی قائد ٹی آر ایس میں شامل کرنے کے لئے ٹی آر ایس قیادت کی جانب سے مساعی کا آغاز کیا گیا ہے۔ تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کے سابق فلور لیڈر و موجودہ وزیر ای دیاکر راؤ کو ٹی آر ایس قیادت نے ایل رمنا سے بات چیت کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے جس پر انہوں نے اپنے قدیم تعلقات کے بنیاد پر بات چیت کی اور انہیں ٹی آر ایس میں شامل ہونے پر ایم ایل اے کوٹہ میں مخلوعہ ہونے والی کونسل کی 6 نشستوں میں ایک نشست ایل رمنا کو دینے کا پیشکش کیا گیا ہے جس پر انہوںنے دو تین دن میں اپنے حامیوں سے مشاورت کرنے کے بعد قطعی فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ اسمبلی حلقہ جگتیال کی نمائندگی کرنے والے ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار نے بھی ایل رمنا سے ملاقات کی ہے اور انہیں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے جس پر تلنگانہ تلگودیشم کے صدر ایل رمنا سنجیدگی سے غور کررہے ہیں کیونکہ ریاست میں تلگودیشم کا موقف دن بہ دن کمزور ہو رہاہ ے۔ 2018 میں تلگودیشم کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے دو ارکان اسمبلی پہلے ہی ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں۔ تلگودیشم پارٹی میں بھی ان کی قیادت کو چند قائدین کی جانب سے قبول نہیں کیا جارہا ہے۔ وہ حالیہ گریجویٹ کوٹہ کونسل انتخابات میں حلقہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر سے مقابلہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار ہوچکے ہیں۔ تلگودیشم کے بیشتر قائدین ٹی آر ایس، کانگریس اور بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں جس پر ایل رمنا بھی اپنے سیاسی مستقبل پر فکرمند ہیں۔