تلنگانہ میں تلگودیشم کے مستقبل سے مایوسی عہدہ کا لالچ کبھی نہیں رہا : ایل رمناکا بیان

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ تلگودیشم صدر ایل رمنا نے پارٹی کے مستقبل پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ رمنا کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی اطلاعات سرگرم ہیں تاہم ان کی ٹی آر ایس قیادت سے اس مسئلہ پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے۔ ایل رمنا نے جگتیال میں اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جس میں کئی دلچسپ ریمارک کئے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال میں مستقبل کے فیصلہ کے بارے میں حامیوں سے رائے طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کرکے کبھی بھی عہدہ کی لالچ نہیں کی کیونکہ عام طور پر ایسے افراد کو مایوسی ہوتی ہے۔ رمنا نے کہا کہ رکن اسمبلی اور وزیر کے عہدوں پر خدمات انجام دینے کے بعد انہیں کسی عہدہ کی خواہش نہیں ہے۔ رمنا نے کہا کہ ٹی آر ایس میں 70 فیصد قائدین انکے دوست ہیں۔ میں نے وزیر اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کمیٹی ممبر کی حیثیت سے پارٹی کے استحکام میں اہم رول ادا کرچکا ہوں۔ میری کارکردگی کے سبب چندرا بابو نائیڈو نے مجھے ریاستی صدر کی ذمہ داری دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جہاں بھی رہے صاف ستھری سیاسی زندگی گذاری اور عہدہ کی لالچ ہوتی تو وہ بہت پہلے ٹی آر ایس میں شامل ہوجاتے۔ رمنا نے کہا کہ ریاست میں تلگودیشم کو فروغ نہیں مل رہا ہے حالانکہ ریاست میں پارٹی کا کیڈر موجود ہے۔