تلنگانہ میں تلگو دیشم کو مستحکم کرنے کا منصوبہ، ریاست میں ’ مہاکوٹمی ‘ کی تشکیل متوقع

   

حیدرآباد۔23ستمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی اپنے استحکام کے لئے اقدامات کرے گی ۔ ریاست میں تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے مسٹر اے ریونت ریڈی کی نامزدگی کے بعد تبدیل شدہ حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا محسوس ہورہا ہے کہ تلنگانہ میں پھر سے ایک ’’مہاکٹمی ‘ ‘ تشکیل دی جائے گی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف محاذ تیار کرنے کیلئے کانگریس ‘ بائیں بازو جماعتوں کے علاوہ تلگودیشم پارٹی کو بھی اس عظیم اتحاد میں شامل کیا جائے گا۔ کانگر یس اور تلگو دیشم کے درمیان اتحاد کے سلسلہ میں کہا جا رہاہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین یہ کہہ رہے ہیں کہ تلنگانہ میں کانگریس اور تلگو دیشم کے درمیان اتحاد فائدہ مند ثابت نہیں ہوگا کیونکہ تلگو عوام کی نظروں میں دونوں پارٹیوں کے درمیان نظریاتی اختلاف ہے اور ان سیاسی جماعتوں کے متحد ہونے کے نتائج سابق میں دیکھے جاچکے ہیں ۔ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس کے خلاف تلگودیشم پارٹی نے تلنگانہ راشٹر سمیتی اور بائیں بازو جماعتوں کے ساتھ عظیم اتحاد تشکیل دیا تھا اور کانگریس نے گذشتہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ راشٹر سمیتی کے خلاف مقابلہ کے لئے عظیم اتحاد تشکیل دیا تھا لیکن اس کابھی کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا بلکہ کانگریس کے قائدین نے انتخابی نتائج کے منظر عام پر آنے کے بعد تلگو دیشم کے ساتھ کانگریس کے اتحاد کو غلطی قرار دیتے ہوئے دوبارہ تلگو دیشم کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اب جبکہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر کے عہدہ پر تلگو دیشم سے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے مسٹر اے ریونت ریڈی ہی نامزد کئے گئے ہیں تو ایسی صورت میں حالات تبدیل ہوچکے ہیں اور کانگریس کی جانب سے دوبارہ تلگو دیشم سے اتحاد نہ کرنے کے فیصلہ پر ازسر نو غورکیا جا رہاہے۔م