تلنگانہ میں تمام اہلیتی امتحانات ملتوی

   

اگست کے بعد ہی امتحانات ، انٹر میڈیٹ امتحانات کی تنسیخ کے بعد تلنگانہ ہائیر ایجوکیشن کونسل کا فیصلہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے بورڈآف انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات کی تنسیخ اور تمام طلبہ کوسال اول کے نتائج اور نشانات کی بنیاد پر کامیاب قرار دینے کے امور کو طئے کرنے کے سلسلہ میں فیصلہ کے بعد ریاست میں تلنگانہ ریاستی کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کی جانب سے تمام اہلیتی امتحانات کو ملتوی کرنے اور انہیں آئندہ چند ماہ کے دوران منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور کہا جارہاہے کہ اگسٹ کے بعد ہی تمام امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ تلنگانہ کونسل برائے اعلیٰ تعلیمات کے ذرائع کے مطابق ریاست میں انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد اہلیتی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں متعین کردہ تواریخ پر امتحانات کے انعقاد کے امکانات موہوم ہوچکے ہیں اور تلنگانہ ریاستی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے نشانات اور نتائج کی اجرائی کے فیصلہ کے بعد ہی ریاست میں مختلف کورسس میں داخلوں کے لئے اہلیتی امتحانات کے متعلق قطعی فیصلہ کیا جاسکتا ہے اسی لئے فوری اثر کے ساتھ ان امتحانات کی تواریخ میں تبدیلی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جانے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ایمسیٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکی جانب سے مشاورت کے بعد یہ کہا جانے لگا ہے کہ ماہ جولائی کے اواخر میں ایمسیٹ کے انعقاد کے سلسلہ میں تیاریاں کی جائیں تاکہ صورتحال کے واضح ہونے کے بعد امتحانات منعقد کئے جاسکیں۔ اسی طرح پی جی سیٹ کے امتحانات کی تواریخ میں بھی تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مختلف جامعات کی جانب سے اپنے کورسس میں داخلوں کے لئے منعقد کئے جانے والے اہلیتی امتحانات بھی شیڈول کے مطابق نہیں ہوپائیں گے بلکہ ان کی تاریخ میں بھی تبدیلی لائی جائے گی۔ انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات کی تنسیخ کے ساتھ ہی اولیائے طلبہ اور سرپرستوں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ NEET کے سلسلہ میں متفکر ہوچکے ہیں کیونکہ سی بی ایس سی کی جانب سے بارہویں کے طلبہ کے امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ کے ساتھ ہی قومی سطح پر منعقد کئے جانے والے NEET امتحان کے متعلق معلومات کے حصول کی کوششیں تیز ہوگئی تھیں لیکن ملک بھر کی بیشتر ریاستوں میںانٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ اور گذشتہ یوم حکومت تلنگانہ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کی تنسیخ کے فیصلہ کے بعد طلبہ اپنے تعلیمی مستقبل کے متعلق حکومت کے فیصلہ کا انتظار کر رہے ہیں۔