تلنگانہ میں تمام شہریوں کیلئے 5.5 کروڑ ویکسین درکار

   

تاحال 18 تا 44 سال کے 4.89 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں تمام شہریوں کو ٹیکہ اندازی کے لئے 5.5 کروڑ خوراک درکار ہوں گی۔ ریاست میں تاحال 18تا44 سال عمر کے جو شہری ہیں ان میں 4.89لاکھ شہریوں کو ہی ٹیکہ دیا جاسکا ہے۔ٹیکہ اندازی کی تفصیلات اور اندراج کیلئے تیار کی گئی ویب سائٹ CoWin پر موجود اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو اندرون 2ہفتہ ریاست میں 18تا44 سال کی عمر کے 4.89 لاکھ افراد کی ٹیکہ اندازی کی گئی ہے جبکہ 44 سال سے زیادہ عمر کے افراد اب بھی اپنی دوسری خوراک کا انتظار کر رہے ہیں۔ 44 سال سے زائد عمر کے وہ افراد جو کہ مختلف امراض کا شکار ہیں انہیں اب تک ٹیکہ نہیں دیا گیا ہے اور جن لوگوں نے پہلی خوراک حاصل کرلی ہے وہ اپنے دوسرے ٹیکہ کا انتظار کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت کے لئے 44 سال سے زائد عمر کے مختلف امراض میں مبتلاء شہریوں کی ٹیکہ اندازی کے علاوہ دوسری خوراک کا انتظار کر رہے افراد کو ٹیکہ دیا جانا ایک بہت بڑا چیالنج ہے۔ ریاست میں 2.75 کروڑ شہریو ںکو ٹیکہ اندازی کے لئے جملہ 5.5 کروڑ ٹیکہ درکار ہیں جبکہ گذشتہ یوم تک کے اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو ریاست تلنگانہ کو صرف 65.7لاکھ ٹیکہ ہی پہنچے ہیں ۔CoWin ویب سائٹ پر موجود تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 8جون تک 52.59لاکھ افراد کو کورونا وائرس کا پہلا ٹیکہ دیا جاچکا ہے اور 14.36لاکھ افراد کو دونوں ٹیکہ دیئے جاچکے ہیں اس اعتبار سے ریاست تلنگانہ میں تاحال صرف 14.36لاکھ افراد ایسے ہیں جو کہ مکمل خوراک حاصل کرچکے ہیں۔تلنگانہ کو دو کمپنیوں سے ٹیکہ حاصل ہورہے ہیں جن میں سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کے علاوہ بھارت بائیو ٹیک شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کو جن دو کمپنیوں سے ٹیکہ سربراہ کئے جا رہے ہیں وہ ناکافی ہیں اور جولائی کے اختتام تک سربراہی کی صورتحال ایسی ہی رہنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ چند ماہ کے دوران اگر صورتحال میں تبدیلی آتی ہے تو تلنگانہ میں ٹیکہ اندازی کی مہم میں مزید تیزی لائی جاسکتی ہے اور تلنگانہ کے محکمہ صحت کی جانب سے بھی ٹیکہ اندازی کا باریکی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔