بتکماں تہوار تلنگانہ کی شناخت، سعید آباد میںبتکماں ساڑیوں کی تقسیم
حیدرآباد۔24۔ ستمبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے آج سعید آباد بلدی حلقہ میں غریب خواتین میں بتکماں ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی ۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں تہوار تلنگانہ کی تہذیب اور شناخت کا نام ہے ۔ اس تہوار کو خواتین جوش و خروش کے ساتھ مناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تہوار میں پھولوں کا استعمال کیا جاتا ہے اور یہ خوشبو اور خوبصورتی بکھیرنے والا تہوار ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری سطح پر تہوار منانے کا فیصلہ کیا اور ہر سال خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے ۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ جاگرتی کی صدر کویتا نے تہوار کے آغاز اور اس کے فروغ میں اہم رول ادا کیا ۔ بتکماں صرف تلنگانہ میں نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی کافی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار محبت اور بھائی چارگی کے فروغ میں اہم رول ادا کرے گا ۔ چیف منسٹر نے بتکماں کیلئے خصوصی بجٹ منظور کیا تاکہ ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے ۔ انہوںنے کہا کہ چیف منسٹر تمام مذاہب کے تہواروں کا احترام کرتے ہیں اور ہر ایک عید اور تہوار کیلئے خصوصی بجٹ الاٹ کیا جاتا ہے ۔ رمضان المبارک کیلئے 15 کروڑ ، کرسمس فیسٹول کے لئے 15 کروڑ اور بونال کے لئے 15 کروڑ منظور کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ بتکماں میں بلا لحاظ مذہب و ملت خواتین میں ساڑیوں کی تقسیم کیلئے 300 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 15 لاکھ 38 ہزار 742 ساڑیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ ملک بھر میں سیکولرازم کیلئے اپنی شناخت رکھتا ہے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سیکولر قائد ہیں اور انہوں نے اپنے عمل کے ذریعہ اسے ثابت کیا ہے۔ اس موقع پر زونل کمشنر سرینواس ریڈی ، کارپوریٹر سورنا لتا ، ٹی آر ایس قائدین دھرما راجو ، اعظم علی اور دوسرے موجود تھے۔