انیس الغرباء کی تعمیر تقریباً مکمل، 10 ہزار ائمہ و موذنین کو اعزازیہ، مکہ مسجد کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل،حکومت کی رپورٹ
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے ضمن میں آج ریاست بھر میں یوم روحانی کے طور پر منایا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے تمام مذاہب کے ساتھ یکساں سلوک اور سیکولر ڈھانچہ کو مضبوط کرنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کی تفصیلات سرکاری طور پر جاری کی گئیں۔ یوم روحانی کو گنگا جمنی تہذیب سے مربوط کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے مختلف مذاہب کی روحانی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ ویدک اسکولوں کی امداد، طلبہ کو ماہانہ وظائف، ویدک اور شاستر پنڈتوںکیلئے ماہانہ 2500 روپئے اعزازیہ، مندروں کی نگہداشت کیلئے ماہانہ امداد براہمن سدن کی تعمیر اور مختلف تہواروں کے انعقاد میں حکومت کے اہم رول کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ بونال فیسٹول کے سرکاری طور پر انعقاد، میڈارم جاترا، گوداوری پشکرالو، کرشنا پشکرالو، یادادری مندر کی ترقی و تزئین نو جیسے اقدامات کا حوالہ دیا گیا۔ سبری ملا میں تلنگانہ کے یاتریوں کیلئے 5 ایکراراضی پر تلنگانہ بھون کی تعمیر اور حکومت کی سطح پر مہا چنڈی یاگم کے انعقاد کا ذکر کیا گیا۔ حکومت نے اقلیتوں کی ترقی اور رمضان المبارک کے موقع پر دعوت افطار اور غریب مستحق افراد میں ملبوسات کا تحفہ پیش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2005 سے حکومت رمضان المبارک سرکاری سطح پر منارہی ہے۔ شادی مبارک اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ 2 اکٹوبر 2014 کو اسکیم کا آغاز کیا گیا جس کے تحت غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے ایک لاکھ 116 روپئے کی امداد دی جارہی ہے۔ گذشتہ 9 برسوں میں 255518 غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے 2130.95 کروڑ جاری کئے گئے۔ حیدرآباد کے مرکزی مقام نامپلی پر 39 کروڑ کے مصارف سے انیس الغرباء کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے جو آخری مراحل میں ہے۔ اجمیر میں رباط کی تعمیر کیلئے 5 کروڑ روپئے منظور کئے گئے اور اراضی کے حصول کیلئے اجمیر ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سے معاملہ کو رجوع کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر دفتر کے مطابق ائمہ اور موذنین کو ماہانہ 5 ہزار روپئے اعزازیہ دیا جارہا ہے اور تقریباً 10 ہزار ائمہ و موذنین اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ حکومت کے مطابق عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کو یقینی بنانے 3 کروڑ کی گرانٹ جاری کی گئی۔ حج کمیٹی آف انڈیا سے تال میل کے ذریعہ تلنگانہ حج کمیٹی انتظامات کررہی ہے۔ مکہ مسجد کی تزئین نو کے کام تقریباً مکمل ہوچکے ہیں جس پر 8.48 کروڑ کا خرچ آیا ہے۔ حکومت نے درگاہ حضرت جہانگیر پیراںؒ کی ترقی کیلئے 50 کروڑ الاٹ کئے۔ پرانے شہر میں درگاہ حضرت برہنہ شاہ ؒ کے احاطہ میں ہائی اسکول، جونیر کالج اور ویمن امپاورمنٹ سنٹر قیام کیلئے حکومت نے 20 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ کوکا پیٹ میں 40 کروڑ کے خرچ سے اسلامک کلچرل سنٹر کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ حکومت نے کرسچن بھون کیلئے کوکا پیٹ میں 2 ایکر اراضی اور 10 کروڑ روپئے کی منظوری کا دعویٰ کیا ہے۔ کرسچن طبقہ کے علاوہ سکھوں کیلئے بھی کئی اقدامات کئے گئے۔ نارسنگی میں گردوارہ کی تعمیر کیلئے 3 ایکر اراضی اور 5 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ حکومت نے مختلف ہندو ، مسلم ، عیسائی اور سکھوں کے مذہبی مقامات اور تہواروں کے انعقاد میں بجٹ کی منظوری کی تفصیلات جاری کیں۔ر