تلنگانہ میں تیسری پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کی تیاریاں تیز

   

لائسنس کے لئے ریگولیٹری کمیشن کو درخواست، 51 انجینئرس اور ملازمین کی خدمات
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تیسری پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔ حکومت نے تلنگانہ رعیتو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمٹیڈ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زرعی شعبہ کو برقی سربراہی موثر بنانے کا کام علحدہ کمپنی کو تفویض کیا جائے۔ حکومت نے اس سلسلہ میں 11 مارچ کو احکامات جاری کئے اور سینئر آئی اے ایس عہدیدار مشرف فاروقی کو کمپنی کا صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر مقرر کیا گیا۔ 4 ڈائرکٹرس کے تقررات عمل میں لائے گئے۔ کمپنی کے شیر ہولڈرس میں گورنر ، اسپیشل چیف سکریٹری اینرجی ، ٹرانسکو کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر ، رعیتو ڈسکام کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر ، سدرن اور ناردرن ڈسکامس کے صدورنشین اور دونوں ڈسکامس کے ڈائرکٹرس فینانس کو شامل کیا گیا ہے۔ رعیتو ڈسکام نے تلنگانہ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کو اگادی کے موقع پر درخواست پیش کرتے ہوئے کمپنی کیلئے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی اجرائی کی اپیل کی تاکہ کمپنی اپنی کارکردگی کا آغاز کرسکے۔ رعیتو ڈسکام کے مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے کہا کہ مرکزی وزارت کارپوریٹ افیرس نے نئی کمپنی کو منظوری دے دی ہے۔ نئی کمپنی کا مقصد کسانوں اور زرعی شعبہ کو برقی کی موثر سربراہی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کے قیام کی ابتدائی ضروریات کے تحت سدرن اور ناردرن ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے 51 انجنیئرس اور اسٹاف ممبرس کو حاصل کیا گیا ہے ۔ الیکٹریسٹی ریگولیٹری کمیشن کے سکریٹری وی رام چندر کو تحریری درخواست پیش کرنے والوں میں وی انیل کمار کمپنی سکریٹری ، وی رام چندر سکریٹری ریگولیٹری کمیشن، جے لکشمن اور شراون کمار شامل ہیں۔1